(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف فلسطینی شہریوں کی انفرادی مزاحمتی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کےدوران 100 مزاحمتی کارروائیاں کی گئیں۔
اسرائیلی ویب پورٹل ’’صوت الیہودی‘‘ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتےمیں ایک سو مزاحمتی کارروائیوں میں فائرنگ، گاڑیوں سے کچلنے، چاقو سے حملوں، پٹرول بموں سے صہیونی فوجیوں کو نشانہ بنانے اور سنگ باری کے ذریعے مزاحمتی حملے کیے گئے۔گذشتہ ہفتے تقوع یہودی کالونی کے قریب فلسطینی مزاحمتی کارکنوں کی فائرنگ سے ایک یہودی آباد کار زخمی ہوا۔ الخلیل شہرمیں یہودی آباد کاروں پر چاقو سے دو وار کیے گئے جب کہ بیت المقدس میں گاڑی کی ٹکر سے غاصب صہیونیوں کو روندنے کی کوشش کی گئی۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس اکتوبرکے بعد سے فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 227 فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔ فلسطینیوں کی شہادتوں میں اضافے کے باوجود قابض فوج کے خلاف فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ القدس بدستور جاری ہے۔