(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اپنی رپورٹس میں بتایا ہے کہ گذشتہ 10 ایام سے الخلیل شہر کے محاصرے کے دوران صہیونی فوج نے 2400 فلسطینی گھروں پر دھاوے بول کر نہتے فلسطینیوں کو زدو کوب کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق الخلیل شہرمیں اسرائیلی فوج کے آپریشن میں فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی ادارے سہولت کا کردار اد کررہے ہیں۔ فلسطینی مزاحمت کاروں کی نشاندہی اور ان کی گرفتاری میں عباس ملیشیا اسرائیلی فوج کا دست و بازو بن چکی ہے۔رپورٹ کے مطابق یکم جولائی کو الخلیل شہر میں ’’عتنائیل‘‘ کالونی میں فدائی حملے میں ایک یہودی کی ہلاکت کے بعد صہیونی فوج نے الخلیل کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔ الخلیل کے محاصرے کے دوران شہر کی مرکزی شاہراہ (شاہراہ 60) کو ٹریفک کے لیے بند کریا۔ اس کے علاہ شہر میں داخلے کے 250 راستوں کو بند کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے الخلیل کی سخت ناکہ بندی کے باوجود فلسطینیوں کی بڑی تعداد احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 70 فلسطینی مظاہرین زخمی ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ یکم جولائی کو عتنائیل نامی یہودی کالونی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک یہودی آباد کار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے تھے۔ اس واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے شہر کے اہم مقامات کا محاصرہ کرلیا تھا۔ دس روز گذرجانے کے باوجود محاصرہ جاری ہے۔