(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) حماس نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کے لئےاپنی جد وجہد جاری رکھے گی۔
حماس کے ترجمان سامی ابوزہری نے غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کے لئے اپنی تحریک کے عزم کا اعلان کرتے ہوئے فلسطینی انتظامیہ کے وزیراعظم رامی حمداللہ سے بھی کہا ہے کہ وہ بھی غزہ کا دس برسوں سے جاری محاصرہ ختم کرانے کے لئے صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالے – صیہونی حکومت نے فروری دوہزار سات سے غزہ کا محاصرہ سخت کر رکھا ہے اور اس علاقے میں بنیادی اشیا کی ترسیل پر پابندی لگا رکھی ہے – حماس کے ترجمان سامی ابو زہری نے فلسطینی عوام پر صیہونی حکومت کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھ کراسرائیلی سازشوں کا مقابلہ اور اس کو فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر سے روکا جاسکتا ہے- حماس کے ترجمان سامی ابوزہری نے علاقے کے بعض عرب ملکوں سے کہا کہ انہیں یہ جان لینا چاہئے کہ صیہونی حکومت کے ساتھ گٹھ جوڑ فلسطینی قوم کے لئے نقصان دہ ہے۔ حماس کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ان کی تحریک صیہونی حکومت کی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے لئے بھی اپنی بھرپور کوشش جاری رکھے گی۔-