(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ماہ مبارک رمضان میں فلسطینی مزاحمت کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
حماس کے ترجمان حسام بدران نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی عوام اور مزاحمتی گروہ، صیہونی دشمن کے جرائم کے مقابلے میں ہرگز خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ حماس کے ترجمان نے زوردے کر کہا کہ فلسطینی عوام شہیدوں کے خون کے وفادارہیں اورمزاحمت کا راستہ پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی دشمن کے جرائم ایک لمحے کے لئے بھی بند نہیں ہوئے ہیں – جیسا کہ سب نے دیکھا کہ پندرہ سالہ فلسطینی نوجوان محمود بدران کو غاصب صیہونیوں نے رام اللہ کے علاقے عور میں بے دردی کے ساتھ گولی مار کر شہید کردیا ۔
حماس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فلسطینی نوجوانوں کی دلیرانہ مزاحمت شہیدوں کے خون ، سرزمین فلسطین کی ہتک حرمت اور فلسطینیوں کے مقدسات کی توہین کا بدلہ لینے کے لئے جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حماس، صیہونیت مخالف استقامت و مزاحمت جاری رکھنے کی پابند ہے اور تحریک انتفاضہ قدس کی حمایت سے ایک لمحے کے لئے بھی دستبردار نہیں ہوگی۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ جب تک صیہونیوں کا غاصبانہ قبضہ جاری رہے گا فلسطینی نوجوانوں کی مزاحمت و استقامت بھی جاری رہے گی ۔