(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں قابض اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں کم سے کم تین فلسطینی زخمی ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے جمعہ کو علی الصباح بیت لحم میں الدوحہ کالونی پر اچانک دھاوا بول دیا اور گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کردیا۔ تلاشی کی کارروائیوں میں خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا گیا۔ اسرائیلی فوج گردی کے خلاف فلسطینی نوجوان گھروں سے نکل پڑے اور سڑکوں پر قابض فوج کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ اسرائیلی فوجیوں نے نوجوان مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اوران پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم تین فلسطینی زخمی ہوگئے۔ ایک شہری کی ٹانگ میں گولی لگی ہے جس کے نتیجے میں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ زخمی ہونے والے تینوں فلسطینیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔