فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسیران اسٹڈی سینٹر کے میڈیا ایڈوائز ریاض الاشقر نے بتایا کہ حال ہی میں اسرائیل کی سالم نامی فوجی عدالت نے چار فلسطینیوں کو دو دو بار عمر قید اور 20 سال اضافی قید کی سزا کا حکم دیا۔ ان چاروں فلسطینیوں کو گذشتہ برس یکم اکتوبر کو نابلس کے قریب ’ایتمار‘ یہودی کالونی کے رہائش دو یہودی میاں بیوی کو ہلاک کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس کیس میں اسرائیلی فوج نے چار فلسطینیوں منیر الکوسا، یحییٰ الحج احمد، کرم المصری اور احمد علیوی کو حراست میں لیا تھا ان پر یہودی میاں بیوی کو قتل کرنے کے ساتھ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے ساتھ تعلق سمیت کئی دوسرے الزامات عائد کیے ہیں۔
ریاض الاشقر کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جیلوں میں مزید چار فلسطینیوں کو عمر قید کی سزا کے تحت ڈالے جانے کے بعد عمر قید کے سزا یافتہ فلسطینیوں کی تعداد 489 ہوگئی ہے۔ اسرائیل میں عمر قید کی سزا کے لیے 99 سال کا عرصہ مقرر ہے۔ عمر قید کے تحت پابند سلاسل فلسطینیوں میں عبداللہ غالب البرغوثی کو 67 بار عمر قید کی سزا کا سامنا ہے۔ جب کہ اسیر ابراہیم جمیل حامد کو 54 بار عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینیوں کی تعداد 7 ہزار سے زائد ہے۔ ان میں 400 فلسطینی بچے اور 70 کے قریب خواتین بھی قید ہیں۔ پانچ سو کے قریب فلسطینی انتظامی حراست کے تحت پابند سلاسل ہیں۔