(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی بدنام زمانہ ’’مجد‘‘ جیل میں پابند سلاسل فلسطینی شہری بلال الکاید کی قید ختم ہونے کے بعد انہیں انتظامی حراست میں ڈالے جانے کے خلاف عوامی محاذ کے 60 اسیران نے بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کلب برائے اسیران کے مندوب نے گذشتہ روز’مجد‘ اور ’جلبوع‘ جیلوں کا دورہ کیا اور فلسطینی اسیران سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے قیدیوں نے بتایا کہ انہوں نے بلال الکاید کو رہا کرنے کے بجائے انتظامی حراست کے تحت قید رکھنے کے ظالمانہ فیصلے کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔خیال رہے کہ اسرائیلی جیل انتظامیہ نے عوامی محاذ کے سرکردہ رکن بلال الکاید کو 14 سال چھ ماہ قید میں رکھنے کے بعد حال ہی میں انتظامی قید میں منتقل کر دیا تھا جس پر الکاید نے بھی بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال کردی تھی۔
سنہ 1981ء کو پیدا ہونے والے اسیر بلال الکاید کو اسرائیلی فوج نے 2001ء کو حراست میں لیا تھا اور انہیں ساڑھے چودہ سال قید کی سزا کا حکم دیا گیا تھا۔