(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں کو بسانے کے لیے 82 نئے گھروں کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔ یہ مکانات شمالی بیت المقدس میں قائم ’’رمات شلومو‘‘ نامی یہودی کالونی میں تعمیر کیے جائیں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بیت المقدس میں اسرائیلی بلدیہ کے زیراہتمام قائم کردہ پلاننگ و ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ رمات شلومو کالونی میں یہودی آباد کاروں کے لیے جلد ہی 82 نئے مکانات کی تعمیر کی منظوری دی جائے گی۔اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 2 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ رمات شلومو میں یہودی آباد کاروں کے لیے نئے مکانات کی تعمیر کا اعلان سنہ 2010ء میں کیا گیا تھا، تاہم امریکی نائب صدر جوبائیڈن کے مطالبے پر تعمیراتی کام روک دیا گیا تھا۔ اسرائیل کی جانب سے متذکرہ بالا 82 مکانات کی تعمیر کی منظوری امریکی نائب صدر کے دورہ اسرائیل سے قبل دی گئی تھی مگر جوبائیڈن کے مطالبے پر اس منصوبے پرعمل درآمد روک دیا گیا تھا۔