(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) بلغاریہ میں چند ماہ قبل نامعلوم دہشت گردوں کے حملے میں فلسطینی تنظیم عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے رہنما عمر النایف کے قتل کی تحقیقات کے بعد 10 جون کو مقتول کو بلغاریہ کے صدر مقام صوفیا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقتول فلسطینی رہنما النایف کے اہل خانہ نے بتایا کہ مقتول النایف کو 10 جون کو بلغاریہ کے شہر صوفیا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پوری فلسطینی قوم النایف کے قاتلوں کو کٹہرے میں دیکھنا چاہتی ہے۔ ہم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ جب تک النائف کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا اس وقت تک آرام اور چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ النایف کا خون پوری مسلم امہ کی گردنوں پر قرض ہے۔
خیال رہے کہ چند ماہ قبل بلغاریہ کے صدر مقام صوفیا میں قائم فلسطینی سفارت خانے میں پناہ گزین عمر النایف کو نامعلوم افراد نے ہولناک تشددد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا تھا۔ مقتول کے اہل خانہ نے اس واقعے کی تمام ترذمہ داری اسرائیل پرعائد کی تھی اور فلسطینی اتھارٹی پر اس کیس کو سرد خانے میں ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
النایف اسرائیل کی ایک جیل میں تھے جہاں سے وہ پراسرار طورپر فرارہوکر بلغاریہ پہنچ گئے تھے۔ اسرائیلی حکومت نے متعدد مرتبہ بلغاریہ سے النایف کی گرفتاری اور حوالگی کا مطالبہ کیا تھا۔ اس پر بلغاریہ کی پولیس نے انہیں حراست میں لینے کی کوشش کی تو وہ صوفیا میں قائم فلسطینی سفارت خانے میں پناہ گزین ہو گئے تھے۔