(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں مقامی فوج داری عدالتوں کی جانب سے قتل اور ڈکیتی سمیت کئی دوسرے جرائم میں قصور وار قرار دیے گئے تین مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ سزا پانے والے مجرموں کو عدالتوں کی جانب سے ایک سال قبل پھانسی کا حکم دیا گیا تھا۔ حکومت کی جانب سے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جانے کے بعد مجرموں کی سزائے موت پرعمل درامد کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مجرموں کی سزائے موت پرعمل درآمد غزہ کی الکتیبہ سینٹرل جیل میں کیا گیا، جہاں ملزمان کے اہل خانہ اور انسانی حقوق کے مندوبین بھی موجود تھے۔ سزائے موت پانے والے ملزمان کی شںاخت عبدلقادر برھوم، فضل الاسط، اور علیان التلبانی کے ناموں سے کی گئی ہے۔ سزائے موت دیے جانے کے موقع پر مقتولین کے ورثاء اور ملزمان کے حملوں سے متاثرہ افراد بھی موجود تھے۔