(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے سے تعلق رکھنے والی ایک 14 سالہ فلسطینی بچی کریمان سویدان کو چار ماہ تک اذیت ناک قید میں رکھنے کے بعد رہا کردیا۔ بچی کے اہل خانہ نے اس کی رہائی کے بعد گھر پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔
فلسطین میں اسیران کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے کلب برائے اسیران کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کریمان سویدان کو پچھلے سال 27 دسمبر کو اسرائیلی فوجیوں نے اس کے آبائی قصبے عزون سے حراست میں لیا تھا۔ اس پر ایک یہودی آباد کار پر چاقو سے حملے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا گیا اور اسی الزام میں اسے چار ماہ انتظامی قید میں ڈال دیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں اس وقت 67 فلسطینی خواتین پابند سلاسل ہیں جن میں 15 بچیوں کی عمریں 15 سال سے کم ہیں۔ زیادہ ترخواتین کو ہشارون اور دامون نامی جیلوں میں ڈالا گیا ہے۔
