(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں یہودی آباد کاروں کی قبلہ اوّل پریلغار جاری ہے۔ جمعرات کے روز دن بھر یہودی شرپسند قبلہ اوّل میں داخل ہوتے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کرتے رہے۔
رپورٹ کے مطابق جمعرات کو مراکشی دروازے کے راستے پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں 137 یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ مسجد اقصیٰ میں دھاوا بولنے والوں میں 63 یہودی آباد کار، 74 صہیونی طلباء اور اسرائیلی محکمہ آثار قدیمہ کے بعد عہدیدار بھی شامل تھے۔ یہودی آباد کاروں کی قبلہ اوّل میں آمد کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں بڑی تعداد میں مسلمان نمازی بھی موجود تھے جنہوں نے یہودیوں کے خلاف شدید نعرےبازی کی۔ اسرائیلی فوج اور پولیس نے فلسطینی شہریوں کو نعرے بازی سے روکنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج بھی کیا۔
