(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی قانون ساز کونسل کے تبدیلی و اصلاحات بلاک نے جکارتہ میں ہونے والے اسلامی سمٹ کے شرکاء سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سنجیدگی سے مقبوضہ بیت المقدس کے لئے اٹھ کھڑے ہوں اور قابض اسرائیل کے مقابلے میں ڈٹی ہوئی فلسطینی مزاحمت کی حمایت بڑھائی جائے۔
اصلاحات بلاک کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا "ہم جکارتہ میں ہونے والے سمٹ کے شرکاء سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ قابض اسرائیلیوں کے مقابلے میں کھڑی فلسطینی مزاحمت کو سہارا دیں اور مسجد اقصٰی اور مقبوضہ بیت المقدس کی حفاظت کے لئے عملی اقدامات اختیار کریں۔”
پانچواں اسلامی سمٹ برائے فلسطین اور مقبوضہ بیت المقدس انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں "منصفانہ حل کے لئے متحد” کے عنوان کے تحت منعقد کیا جارہا ہے۔ اس سمٹ میں مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی خلاف ورزیوں اور غزہ کے غیر قانونی محاصرے کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔