(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی صدر محمود عباس کی جماعت کے کارکنوں اور فلسطینی اتھارٹی کی پولیس کے درمیان مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں تصادم کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی سیکیورٹی فورسز نے نابلس میں فتحاوی کارکنوں کے ساتھ اس وقت مڈ بھیڑ ہوئی جب سیکیورٹی فورسز نے اسرائیلی جیل سے دس سال بعد رہا ہونے والے رہنما عماد عمیرہ کی رہائی کا جشن مناتے ہوئے ہوائی فائرنگ کی تھی۔نامہ نگار کا کہنا ہے کہ عباس ملیشیا کے دسیوں اہلکاروں نے پرانے نابلس شہر میں میدان شہداء میں جمع فتحاوی کارکنوں کو گرفتار کرنے کے لیے ان پر چھاپہ مارا تو انہوں نے عباس ملیشیا کی کارروائی روکنے کے لیےان پر حملہ کردیا۔ ہاتھا پائی میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
عباس ملیشیا نے نابلس میں راس العین کالونی میں داخل ہوکر وہاں بھی تلاشی لینے کی کوشش کی مگر فتحاوی کارکنوں نے مداخلت کرکے عباس ملیشیا کو پیچھے دھکیل دیا۔ جمعہ کے روز ہونے والی جھڑپیں کئی گھنٹے جاری رہیں۔ اس دوران شدید فائرنگ بھی کی گئی۔
