(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی جیل میں پابند سلاسل ایک فلسطینی شہری کو 14 سال کی طویل قید کے بعد رہا کردیا گیا۔ رہائی پانے والے خالد العروج کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم کے مشرقی قصبے تقوع سے ہے۔
رپورٹ کے مطابق خالد العروج کی رہائی بدھ کے روز عمل میں لائی گئی۔ رہائی سے قبل انہیں جزیرہ نما النقب میں قائم ایک جیل میں منتقل کیا گیا تھا۔ جہاں سے اسے اسرائیلی فوج کی سخت سیکیورٹی میں الظاہریہ چیک پوسٹ پرلایا گیا۔ وہاں پر العروج کےاہل خانہ اور دوست احباب کی بڑی تعداد جمع تھی۔خالد العروج کا استقبال کرنے والوں نے اسے پھولوں کے ہار پہنائے صہیونی ریاست میں طویل قید کاٹنے کے بعد رہائی پرمبارک باد پیش کی۔ بعد ازاں انہیں ایک جلوس کی شکل میں تقوع قصبے میں لایا گیا۔ العروج کے گھر میں بھی جشن کا سماں تھا۔
خیال رہے کہ خالد العروج کو صہیونی فوج نے 2001 ء میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں سے تعلق کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔ گرفتاری کے وقت العروج کا ایک شیرخواربیٹا تھا جس کی عمر صرف چند ماہ تھی جو اب 14 سال کا ہوچکا ہے۔