مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق وزیراعظم رامی الحمد اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فلسطین میں تیل سپلائی کرنے والی مصر کی پٹرولیم کمپنی کے پاس قطر سے لایا گیا خام تیل 10 ہزار ٹن کی مقدار میں موجود ہے۔ اسے غزہ کی پٹی کے مرکزی بجلی گھرکو چلانے کے لیے آج بدھ سے سپلائی کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قطرسے آنے والے ایندھن کو العوجہ گذرگاہ سے گذارنے کے بعد کرم ابو سالم گذرگاہ کے راستے غزہ کی پٹی میں داخل کیا جائے گا جسے غزہ کی پٹی کے مرکزی بجلی گھر کو چلانے اور اس کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔ اضافی ایندھن کی فراہم کے بعد غزہ کے مرکزی پاور اسٹیشن سے 80 میگاواٹ اضافی بجلی تیار کی جاسکے گی۔
رامی الحمد اللہ کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے صدر محمود عباس کی جانب سے فوری اقدامات کا حکم دیا گیا ہے۔ ان کی ہدایات کی روشنی میں قطر سے لائے گئے خام تیل کو غزہ کی پٹی منتقل کیا جا رہا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین