مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کویت میں منعقدہ مقابلہ حسن قرأت میں درجنوں قراء حضرات نےحصہ لیا، جن میں بیت المقدس کی شعفاط کالونی سے تعلق رکھنے والے قاری درویش منصور ابو خضیر بھی شامل تھے۔
مرکزاطلاعات فلسطین سے گفتگو کرتے ہوئے قاری درویش نے بتایا کہ کویت میں مقابلہ حسن قرأت پچھلے چھ برسوں سے سالانہ منعقد کیا جاتا ہے جس میں کویت کے علاوہ دوسرے عرب ممالک اور پوری دنیا کے بہترین قاری حضرات کو شریک کیاجاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مقابلے میں تین الگ الگ گروپ بنائے جاتے ہیں۔ ایک گروپ کے درمیان قرات العشر کا مقابلہ ہوتا ہے۔ دوسرے میں حفظ قرآن کریم کا جب کہ تیسرے گروپ کے شرکاء میں تلاوت اور ترتیل کا مقابلہ منعقدہ کیا جاتا ہے۔ ماضی میں قرات سبع کا مقابلہ بھی منعقد ہوتا رہا ہے تاہم اب قرات عشر کامقابلہ کیا جاتا ہے۔
قاری ابو خضیرکا کہنا تھا کہ اس نے پہلی بار بیت المقدس سے مقابلہ حسن قرأت میں حصہ لیا اور دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ پہلی پوزیشن ایک خلیجی ملک کے قاری نے حاصل کی جبکہ تیسری احمد بدیع نامی قاری نے حاصل کی۔
ایک سوال کے جواب میں قاری ابو خضیرنے بتایا کہ جب سے مجھے مقابلے کے لیے نامزد کیا یا اس کےبعد میں نےحفظ کی منزل پکی کرنے اور قرات و ترتیل اور تجوید کی زیادہ سے زیادہ مشق کرنا شروع کردی تھی جس کے نتیجے میں مجھے اتنی بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
