مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مغربی کنارے میں سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں پر نظر رکھنے والی ’’اہالیان سیاسی اسیران کمیٹی‘‘ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر حراست میں لیے گئے ساٹھ کارکن ابھی تک فلسطینی اتھارٹی کی جیلوں میں پابند سلاسل ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حراست میں لیے گئے کارکنوں میں سے زیادہ تر کا تعلق حماس کے ساتھ ہے۔ ان میں الخلیل شہر کے 15 ،نابلس کے 10 ، قلقیلیہ کے 10 ، رام اللہ اور طولکرم کے پانچ پانچ، جنین کےدو، طوباس، سلفیت اور بیت المقدس کا ایک ایک سیاسی کارکن فلسطینی جیلوں میں پابند سلاسل ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیاسی کارکنوں میں 14 جامعات کے طلباء بھی شامل ہیں۔ ان طلباء کا تعلق الخلیل یونیورسٹی، القدس اوپن یونیورسٹی ، النجاح نیشنل یونیورسٹی اور بیرزیت یونیورسٹی سے ہے۔
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے دو سیاسی کارکن اپریل 2009 ء کے بعد سے مسلسل حراست میں ہیں جبکہ اسلامی جہاد کے تین کارکن مارچ 2010 ء سے بدستور پابند سلاسل ہیں۔ پانچ سال سے حماس کے سات ارکان بھی سیاسی بنیادوں پر مسلسل جیلوں میں پابند سلاسل ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
