مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی عبوری وزیراعظم رامی الحمد اللہ نے قطر کی جانب سے غزہ کی پٹی کے لیے ایک سو ملین ڈالر کی رقم بہ طور قرض ادا کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس رقم سے غزہ کی پٹی کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائی میں مدد ملے گی اور حکومت کی جانب سے غزہ کے شہریوں کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے ہوں گے۔
انہوں نے کہا قطر کی جانب سے غزہ کے لیے ایک سو ملین ڈالر کا قرض صدر محمود عباس کے دورہ قطر کے موقع پر جذبہ خیر سگالی کے طورپر جاری کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم الحمد اللہ نے قطر کی جانب سے غزہ کی پٹی کے لیے مسلسل امداد دینے پر امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم الحمد اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی محصولات اور دیگر فنڈز روکے جانے کے بعد فلسطینی اتھارٹی کو بدترین مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ قطر کی جانب سے قرض جاری کرنے سے فلسطینیوں کی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
