اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بدھ کو علی الصباح صہیونی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان جس کی شناخت نہیں ہوسکی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگیا۔ صہیونی فوجیوں کا دعویٰ ہے کہ شہید ہونے والے فلسطینی نوجوان نے چاقو سے حملے میں دو اسرائیلی فوجیوں کو زخمی کردیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق زخمی ہونے والے دو فوجیوں میں ایک ملٹری میڈیکل ڈاکٹر ہے جس کی گردن پرچاقو سے حملے میں گہرے زخم آئے ہیں اور اس کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔ دوسرے فوجی بھی شدید زخمی ہے۔ دونوں کو ایک فوجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعے کے فوری بعد صہیونی فوجیوں نے مبینہ حملہ آور پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا اور کچھ ہی دیر میں جام شہادت نوش کرگیا۔
ترک خبر رساں ایجنسی’’اناطولیہ‘‘ کے مطابق شہید ہونے والے نوجوان کا تعلق رام اللہ کے شمالی علاقے سنجل سے ہے۔ شہید کرنے کے بعد صہیونی فوجیوں کی اس کی میت قبضے میں لے لی ہے۔
خیال رہے کہ ایک ہفتے کے دوران مغربی کنارے میں یہودی فوجیوں پر چاقو سے حملے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل گذشتہ جمعرات کو ایک فلسطینی نوجوان نے اسرائیلی افسر پر خنجر سے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
