مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزارت داخلہ کی جانب سے اتوار کے روز جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی حکام نے علی الصباح کسی پیشگی اطلاع کے بغیر پانی کے ڈیم کھول دیے جس کےنتیجے میں مشرقی وادی غزہ اور وسطی علاقے المغراقہ میں پانی کے ریلوں نے تباہی مچا دی۔
وسطی غزہ کے المغراقہ اور اس کے مضافات میں پانی شہریوں کے گھروں میں داخل ہو گیا جس کے نتیجے میں درجنوں گھر پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ سیلابی پانی سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
فلسطینی بحریہ اور محمکہ شہری دفاع کی ٹیمیں پانی میں ڈوبے شہریوں کی جانی بچانے میں ان کی مدد میں مصروف ہیں۔ چھوٹی کشتیوں کی مدد سے پانی میں ڈوبے لوگوں کو محفوظ اور بلند مقامات تک پہنچایا جا رہا ہے۔ بعض مقامات پر پانی کی سطح ساڑھے تین میٹر سے بھی اونچی ہے اور شہریوں کا قیمتی سامان اور مویشی پانی میں بہہ گئے ہیں۔ سیلابی ریلوں کے نتیجے میں ابھی تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی ہے۔ تاہم خدشہ ہے کہ پانی کے مزید ریلوں کی صورت میں مزید تباہی ہو سکتی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
