مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق رام اللہ میں فتح کے سینٹرل سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری ایک بیان میں اسرائیل بلدیہ کی طرف سے مسجد اقصیٰ کے حوالے سے لگایے گئے تعارفی بورڈ کو اشتعال انگیز کارروائی قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل دانستہ طور پر فلسطین میں مذہبی بنیادوں پر جنگ چھیڑنے کی سازشیں کررہا ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کے روز اسرائیل کی بیت المقدس میں شہری حکومت کی جانب سے مسجد اقصیٰ کا ایک تعارفی بورڈ لگایا گیا جس میں انگریزی اور عبرانی زبانوں میں اسے مسجد اقصیٰ کے بجائے ’’جبل ہیکل‘‘ قرار دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل میں یہودی مسجد اقصیٰ کو جبل ہیکل ہی کے نام سے پکارتے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ مسجد اقصیٰ ان کے معروف زمانہ ہیکل سلیمانی کی جگہ پر بنائی گئی تھی اور وہ اس ہیکل کو دوبارہ تعمیر کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔
بیان میں مسجد اقصیٰ کے مراکشی دروازے سے متصل ’’جسر ام البنات‘‘ کے مقام پر تاریخی مقامات کو یہودیت میں تبدیل کرنےکے صہیونی اقدام کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے جسر ام البنات کے مقام پر یہودی سیاحوں کی سہولت کے لیے حمام تعمیر کرنا قبلہ اول کے تاریخی مقامات کو تبای کرنے کی سازش ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین