بیت المقدس میں عوامی مزاحمتی کمیٹی کے نگران ثائر انیس نے میڈیا کو بتایا کہ صہیونی حکام نے کی جانب سے جاری کردہ نوٹسز میں حکم دیا گیا ہے کہ ابو دیس کے مقام پر فلسطینی شہریوں کی قائم کردہ خیمہ بستی کو چوبیس گھنٹے میں خالی کرنے کے بعد گرا دیا جائے ورنہ فوج خود کارروائی کرکے سب کچھ تباہ کردے گی۔
عوامی مزاحمتی کمیٹی کے ترجمان ھانی حلبیہ کا کہنا ہے کہ ابو دیس میں قائم "بوابہ القدس” خیمہ بستی کو دیکھنے اور اس میں موجود فلسطینیوں سے اظہار ایکجہتی کے لیے سیکڑوں کی تعداد میں وفود وہاں پہنچ رہے ہیں۔ ان میں دسیوں علاقائی اور عالمی وفود بھی شامل ہیں۔ انہوں نے فلسطینی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ خیمہ بستی خالی نہ کریں بلکہ ڈٹے رہیں۔
خیال رہے کہ فلسطینی شہریوں نے چند روز پیشتر بیت المقدس میں ابو دیس کے مقام پر ایک خیمہ بستی قائم کی تھی۔ اسرائیلی فوج متعدد بار اسے مسمار کرچکی ہے مگر فلسطینی شہری دوبارہ خیمہ بستی تیار کرلیتے ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین