مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حرمت رسول ریلی اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کی اپیل پر نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز نماز جمعہ کے بعد شمالی غزہ میں جبالیا پناہ گزین کیمپ کی جامع مسجد خلفاء الراشدین سے ہوا۔ ریلی میں علاقے کی دیگر مساجد سے بھی شہری شامل ہوتے گئے۔ شرکاء نے اپنے ہاتھوں نے میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف سخت الفاظ میں نعرے تحریر کیے تھے۔ شرکاء نے نہایت جذباتی انداز میں فرانس اور دوسرے ملکوں کے اخبارات میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے گستاخانہ خاکے شائع کرنے والوں کو کاکروچ اور مچھر سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ گستاخ عناصر کسی ہمدردی کے مستحق نہیں ہیں۔ وہ پوری دنیا میں مذاہب کے درمیان آگ لگانے کی سازش کررہے ہیں۔ عالمی برادری کو ایسے شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حماس رہ نما مشیر المصری نے کہا کہ استبدادی اور ظالمانہ نظاموں کا دور گذر چکا۔ اب اسلام کی نشات ثانیہ کا دور آنے والا ہے۔ اسلام سے خائف لوگ ہمارے پیغبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
