مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یورپ میں سرگرم "مرکز برائے حق واپسی” کے چیئرمین ماجد الزیر نے برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں دارالعوام میں آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت میں رائے شماری کے اعلان کو سراہا ہے اور برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھی پارلیمنٹ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کرے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز برطانوی رکن پارلیمنٹ گراہم موریس کی جانب سے دارالعوام میں ایک بل جمع کرایا گیا ہے جس میں تیرہ اکتوبر کو فلسطینی ریاست کی حمایت میں رائے شماری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ لندن میں مقیم فلسطینی تنظیم کے سربراہ ماجد الزیر نے کہا کہ دارالعوام میں فلسطینی ریاست کی حمایت میں آواز اٹھانا فلسطینی قوم کی فتح ونصرت اور کامیابی کی علامت ہے۔ یہ آواز دراصل غزہ کی پٹی پر قابض صہیونی فوج کی جارحیت کے جواب میں فلسطینیوں کے صبرو ثبات کی واضح علامت اور اعتراف کا برملا اظہار ہے۔
ایک انٹرویو میں ماجد الزیر کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں فلسطینی ریاست کی حمایت میں آواز بلند کرنے سے آزاد فلسطینی ریاست کے حوالے سے عالمی فورمز پر ہونے والی کوششوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس نوعیت کا اقدام بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا تاہم اب بھی یہ ایک مثبت پیش رفت ہے اور اس کے نتیجے میں عالمی برادری کی مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کی طرف توجہ میں اضافہ ہوگا۔
فلسطینی سماجی رہ نما نے سویڈن کی جانب سے آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کے اعلان کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ سویڈن پوری یورپی برادری کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ دوسرے یورپی ملکوں کو بھی اسٹاک ہوم کی راہ پر چلتے ہوئے فلسطینی ریاست کی کھل کر حمایت اور اسرائیلی فوج کے مظالم کی مذمت کرنی چاہیے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
