مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اطالوی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے مشرقی بیت المقدس میں مزید 2160 مکانات کی تعمیر کا اعلان مشرق وسطیٰ میں فلسطینی تنازعہ کے منصفانہ حل کے لیے جاری امن بات چیت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اسرائیل فوری طورپر یہودی توسیع پسندانہ سرگرمیاں بند کر دے۔
بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس اور دسرے علاقوں میں جاری توسیعی منصوبوں کے نتیجے میں آنے والی نسلوں کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ وہ مسلسل ایک دوسرے کے خلاف جنگیں لڑتے رہیں۔ اس طرح امن کی مساعی کسی صورت میں کامیاب نہیں ہو سکتی ہیں۔ بیان میں اطالوی حکومت کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے چاہے جس نیت سے بھی مشرقی بیت المقدس میں یہودی کالونیوں کی تعمیر کا اعلان کیا ہے وہ قابل قبول نہیں کیونکہ غیر قانونی توسیعی اقدامات سے قیام امن کے لیے ہونے والے اقدامات کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ اٹلی کی حکومت نے واضح کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے حامی ہیں اور فلسطینی قوم کو ایک آزاد اور مکمل خود مختار ریاست کے حق اور حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
