فلسطینی شہر غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج کی جارحیت سے رات گئے مزید آٹھ فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جس کے بعد شہداء کی تعداد 108 ہوگئی ہے جبکہ 785 عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔ شہداء اور زخمیوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔
پی آئی سی کے نامہ نگاروں کی اطلاعات کے مطابق گذشتہ منگل سے غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی فوج کے "شیلف اسٹیڈ فاسٹ” آپریشن میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں غیرمعمولی تباہی ہو رہی ہے اور معصوم شہریوں کی اموات ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمت کاروں نے صہیونی فوج کی تنصیبات اور یہودی کالونیوں پر مزید راکٹ حملے بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے رد عمل میں رات گئے M75 اور R160 راکٹوں سے دوبارہ اسرائیلی کالونیوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ ایم 75 راکٹ مقبوضہ مقدس میں اسرائیلی تنصیبات پر داغے گئے جبکہ R160 راکٹوں سے حیفا شہر کو دوبارہ نشانہ بنایا گیا۔ قبل ازیں انہی راکٹوں سے اسرائیلی کے رامون فوجی اڈے، دیمونا ایٹمی پلانٹ، بحر مردار کے قریب قیساریہ میں اسرائیلی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔