فلسطین سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اسرائیل نے الخلیل شہر کے جنوب میں واقع العروب مہاجر کیمپ میں فلسطینیوں کے مکانات بلڈوز کر دیئے۔
مکانات گرانے کے لیے لائے جانے والے بلڈوزروں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات تھی۔ کیمپ کے نواح میں قائم دو مکانات کو بغیر اجازت تعمیر کا بہانہ بنا کر گرایا گیا۔
عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے کو بتایا کہ مقامی لوگوں نے اپنے مکانات کا انہدام روکنے کی کوشش کی جس کو ناکام بنانے کے لیے اسرائیلی فوجیوں نے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل اور گولیاں فائر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے علاقے میں ایمبولینس گاڑیوں اور میڈیا ٹیموں کو پہنچنے نہیں دیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے مذکورہ علاقے کے تمام فلسطینی گھروں کو مسمار کرنے کے نوٹس جاری کر رکھیں ہیں کیونکہ حکام کے مطابق یہ گھر اجازت کے بغیر تعمیر کیے گئے تھے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ آنسو گیس کے بے دریغ شیل فائر ہونے سے مظاہرین کا دم گھٹنے لگا جس کے بعد انہیں علاج کے لئے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین