فلسطینی قانون ساز کونسل نے عرب اور اسلامی پارلیمنٹس کے تمام سپیکرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصٰی کو درپیش خطرات پر بات چیت کے لئے خصوصی سیشنز منعقد کروائیں۔
کونسل کے فرسٹ ڈپٹی سپیکر احمد بحر نے خبررساں ایجنسی قدس پریس سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سیشنز کا مقصد مسجد اقصٰی کو درپیش خطرات کا حل تلاش کرنا ہوگا۔ انہوں نے عرب اور اسلامی ممالک کے رہنمائوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مسجد اقصٰی اور بیت المقدس کو اسرائیلی منصوبوں کی زد میں اآنے سے بچانے کے لئے موثر کردار ادا کریں۔انہوں نے عرب رہنمائوں سے خاص طور پر اپیل کی کہ وہ پرانے عرب سمٹس کے دوران کئے جانے والے فیصلوں کی پاسداری کریں اور ان پر عمل درآمد کروائیں۔
