فلسطین سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ایک فلسطینی نوجوان غزہ کے وسطی علاقے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔
خبر رساں ادارے ‘قدس پریس’ کے مطابق یہ فائرنگ غزہ کے وسطی علاقے مشرقی البریج کیمپ میں اسرائیلی فوج کے مانیٹرنگ ٹاورز سے خودکار آتشیں اسلحے سے کی گئی۔ اس کا ہدف فلسطینیوں کے مکانات اور کھیت تھے۔
غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ منگل کے روز کی جانے والی اس فائرنگ کی زد میں آ کر ایک 34 سالہ نوجوان زخمی ہو گیا۔ نوجوان کو سینے میں گولی لگی جو جسم سے پار ہو گئی۔ انہیں وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح کے شہدائے الاقصی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت تسلی بخش بیان کی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پیش آنے والا واقعہ جنگ بندی کے اسرائیلی معاہدے کی ایک اور خلاف ورزی ہے۔ گزشتہ برس نومبر میں طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کے بعد سے ابتک چار فلسطینی، اسرائیلی فائرنگ کا نشانہ بن چکے ہیں جبکہ صہیونی بحریہ اسی خلاف ورزی کے ضمن میں کھلے سمندر سے مچھلیاں پکڑنے والے تیس ماہی گیروں کو گرفتار اور ان کی ملکیتی کشتیوں کو ضبط کر چکی ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
