اسرائیلی فوج نے غزہ میں دراندازی کرکے جنوبی شہر خان یونس پر ہلہ بول دیا، اس دوران صہیونی اہلکاروں نے فلسطینیوں پر دھواں چھوڑنے والے بموں کی بوچھاڑ کردی۔ فلسطینی فیلڈ ورکرز نے خبر رساں ایجنسی ’’قدس پریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج سریج کے فوجی اڈے سے غزہ میں داخل ہوئی۔
ذرائع کے مطابق صہیونی فوج کے بلڈوزروں اور عسکری جیپوں میں سوار اہلکاروں کی بڑی تعداد نے فلسطینیوں کی درجنوں ایکڑ زرعی اراضی کو نقصان پہنچایا۔ خان یونس کے مشرقی ٹاؤن سھیلا کے علاقے الزنہ پر کیے گئے اس حملے میں فلسطینیوں کا بھاری مالی نقصان ہوا۔
یاد رہے کہ منگل کے روز فلسطینی مزاحمت کاروں نے غزہ پر حملہ کرنے والے اسرائیلی بلڈوزر کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا تھا، مزاحمت کاروں کی جانب سے گزشتہ سال نومبر میں ہونے والے سیز فائر معاہدے کے بعد اس نوعیت کی یہ پہلی کارروائی تھی۔ یاد رہے کہ نومبر میں اسرائیل نے آٹھ روز تک غزہ پر جاری اپنے حملے میں دو سو کے قریب فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ نومبر کو ہونے والے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں روزانہ کی بنیاد پر کی جارہی ہیں۔ اسرائیل نے اس جنگ بندی معاہدے کے باوجود بھی غزہ کے چار فلسطینیوں کو شہید جبکہ درجنوں کو زخمی کردیا ہے۔ ادھر غزہ کی ساحلی حدود پر اب تک چالیس کے قریب فلسطینی ماہی گیروں کو گرفتار یا زخمی کیا جا چکا ہے۔ فلسطینیوں کی متعدد کشتیاں بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین