فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت‘‘حماس’’ کی حکومت کی نئی کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے، نئی وزارتوں کے قلمدانوں اور ان کے عہدیداروں کا اعلان کیا جائے گا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کے روز وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کی زیرصدارت کابینہ کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نئی کابینہ کی تشکیل اور موجودہ کابینہ میں ردو بدل کا فیصلہ کیا۔ تاہم کس وزارت کے لیے کس رکن اسمبلی کا انتخاب کیا گیا ہے اس کا اعلان نہیں کیا گیا اور نہ ہی اجلاس کی مزید تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔وزیراعظم ھنیہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیاہے کہ وزیراعظم نے پچھلے کئی روز سے نئی کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت شروع کر رکھی تھی جو جمعہ کے روز مکمل کرلی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ کابینہ اپنی آئینی مدت پوری کرچکی ہے۔نئی کابینہ کے چناؤ کے بعد اسے حتمی منظوری کے لیےفلسطینی پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔