اسرائیلی فوج نے بدھ کی صبح غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے پر دھاوا بول دیا اور غزہ کی سرحد پار کرکے کئی سو میٹر اندر چلی گئی،
صہیونی فورسز نے فلسطینی گھروں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ غزہ کے مزاحمت کاروں کی جانب سے راکٹ حملوں کے بعد صہیونی فوج کو واپسی کا رخ اختیار کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق صہیونی فوج کے ٹینکوں اور گاڑیوں نے دراندازی کرتے ہوئے چار سو میٹر تک غزہ کی اراضی کو روندا اور بریج اور مغازی کیمپوں میں موجود گھروں پر فائرنگ شروع کردی۔ اس دوران کئی گھروں کی جانب گولہ باری بھی کی گئی۔ تاہم اس کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کاروں صہیونی فوج پر ھاون طرز کے راکٹ برسائے۔ ادھر غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس میں بھی دھاوا بولا اور فلسطینی گھروں پر فائرنگ کی۔ شمالی علاقے بیت حانون میں بھی ایسی ہی کارروائی کی۔ ادھر اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے مغربی ساحل پر فلسطینی ماہی گیروں پر بھی فائرنگ کی ہے۔