اسرائیل سکیورٹی فورسز نے غزہ کی سرحدوں میں گھس بڑے پیمانے پر زرعی اراضی کو روند ڈالا، بدھ کے روز کیے گئے اس حملے کی
اطلاعات ملتے ہی فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی فوج پر گراڈ طرز کے راکٹ برسانا شروع کردیے جس کے بعد صہیونی فوج کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
خبر رساں ایجنسی ’’قدس پریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ کے ایک نگران نے بتایا کہ بدھ کی علی الصبح غزہ کی پٹی کے جنوبی جانب اسرائیلی فوجی اڈے ’’صوفا‘‘ سے اسرائیلی فوج کے چار ٹینک اور دیگر متعدد فوجی گاڑیاں کئی سو میٹر تک غزہ کے اندر داخل ہوگئیں اور خان یونس کے جنوب مشرقی زرعی اراضی کو روند ڈالا۔ اسرائیلی فوج نے فائرنگ کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کی کھڑی فصلوں کو تباہ کرنا شروع کردیا جس کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے فوج پر راکٹ برسانا شروع کردیے اور فوج کو غزہ سے نکلنا پڑا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
