مغربی کنارے کے تاریخی شہر الخلیل میں یہودی آباد کاروں نے فائرنگ کرکے دو فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔
الخلیل کے جنوبی علاقے یطا کے ایک ہسپتال کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اذنا میں ایک صہیونی آباد کار نے فائرنگ کرکے تیس سالہ انور خلیل عبد ربہ اور بتیس سالہ نعیم سلامہ نجار کو موت کی نیند سلا دیا ہے۔
مختلف ذرائع کا کہنا ہے کہ نجار اور عبد ربہ کو ہسپتال لایا گیا تو وہ بری طرح زخمی تھے۔ نجار کو سر اور گردن پر گولیا لگی تھیں جبکہ عبد ربہ کو سینے پر گولیاں ماری گئی تھیں۔ دونوں نوجوانوں کو جب ہسپتال لایا گیا تو ان کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ سیمیا کے علاقے میں غاصب یہودیوں نے ان دونوں پر حملہ کیا اور انہیں اغوا کرلیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں کو انتہائی بے دردی سے قتل کیا گیا، انہیں جان بوجھ کر سر، گردن اور سینوں پر گولیاں ماری گئی ہیں۔
اس موقع پر یطا کی بلدیہ کے رکن عبد العزیز افو فنار نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ دونوں غاصب یہودیوں کے ٹولے نے تین فلسطینی مزدوروں پر فائرنگ کی جس کی زد میں دو فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ ہمارے نمائندے کو بتایا گیا کہ تیسرے فلسطینی ورکر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ یہ اغوا کی کارروائی کی کوشش کر رہے تھے۔ خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے یہودی آباد کاروں کی جانب سے فلسطینی شہریوں پر حملوں میں تیزی آگئی ہے۔ اسرائیلی فوج کی نگرانی میں صہیونی جتھے مختلف فلسطینی شہروں، قصبوں اور دیہاتوں پر حملہ آور ہوتے ہیں اور فلسطینی شہریوں کی املاک کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
