اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی مشرقی علاقے میں پیر کے روز بعد از دوپہر شدید فائرنگ کے کور میں پیش قدمی کی۔
میدان جنگ سے مانیٹرنگ کرنے والے ایک رضاکار نے خبر رساں ادارے قدس پریس کو بتایا کہ چار فوجی گاڑیاں، پانچ بلڈوزر ظہر کے بعد غزہ کی جنوب مشرقی بلدیہ "حجر الدیک” میں پانچ سو میٹر اندر تک گھس آئے۔ رضاکار کے مطابق دراندازی کا ارتکاب کرنے والے بلڈوزروں نے شدید فائرنگ کے کور میں شہریوں کی زرعی اراضی کو بلڈوز کیا۔
اس سے پہلے اسرائیلی فوج نے پیر کو علی الصباح غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے خان یونس کے مشرقی حصے پر شدید گولا باری کی۔ مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ مشرقی خانیونس میں اسرائیلی سرحدی حدود کی جانب متمرکز قابض فوجیوں نے القرارہ، عبسان، خزاعہ اور الفخاری میونسپیلٹیز پر خودکار اسلحے سے شدید فائرنگ کی، جس کے بعد پورا علاقہ مٹی کے غبار سے اٹ گیا۔ ذرائع کے مطابق گولا باری سے اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم اس کی گھن گرج سے علاقے میں بچے اور خواتین خوف کے مارے تادیر سہمے رہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین