فلسطین کی دو بڑی سیاسی جماعتوں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” اور الفتح نے قومی حکومت کے سلسلے میں تمام انتظامات اور مذاکرات مکمل کرلیے،
جس کے بعد قومی حکومت کا باقاعدہ اعلان دونوں جماعتوں کے سربراہ خالد مشعل اور محمود عباس رواں ماہ کی بیس تاریخ کو کریں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بدھ کے روز قاہرہ میں حماس اور فتح کی قیادت کے درمیان مصری انٹیلی جنس سربراہ کی نگرانی میں طویل مذٓاکرات ہوئے۔ بعد ازاں قاہرہ انٹیلی جنس کے دفترسے میڈیا کو جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ فلسطین کی دونوں جماعتیں قومی حکومت کے قیام پر متفق ہونے کے ساتھ اس کے ایجنڈے پربھی متفق ہوگئی ہیں۔ اس سلسلے میں حتمی اعلان بیس جون کو حماس کے لیڈر خالد مشعل اور فتح کےسربراہ محمود عباس قاہرہ میں ایک نیوز کانفرنس میں کریں گے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز قاہرہ میں حماس اور فتح کی قیادت کے مذاکرات نہایت خوش گوار ماحول میں ہوئے۔ دونوں جماعتوں نے قومی حکومت کی تشکیل کے نہایت فراخ دلی اور لچک کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں نے فلسطینی مجلس قانون ساز کو فعال کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا اور کہا کہ قانون ساز کونسل کو جلد منظم کردیا جائے گا۔ بیان کے مطابق دونوں جماعتوں کی مرکری قیادت نے ایک ماہ قبل بنائی گئی بنیادی آزادیاں کمیٹی اور قومی مفادات کمیٹی کی سفارشات کی بھی منظوری دی۔ ان سفارشات میں کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں دونوں جماعتوں کی حکومتیں مفاہمت کے لیے ماحول ساز بنانے کی پابند ہوں گی۔ سیاسی گرفتاریوں پر پابندی ہوگی اور مجلس قانون ساز کے مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کے اراکین کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے گا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین