غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) متبادل فلسطینی انقلابی تحریک نے غزہ کی پٹی پر جاری روزمرہ جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ فلسطینی عوام کے خلاف قتل و غارت، تباہی اور جبری بے دخلی کے مسلسل جرائم نیز ٹارگٹ کلنگ اور محاصرے کی پالیسی اس نام نہاد جنگ بندی کے جھوٹ کو بے نقاب کرتی ہے جو 10 اکتوبر سنہ 2025ء کو نافذ العمل ہوئی تھی۔
تحریک کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن خالدہ ابو بکرہ نے کہا کہ غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار، جن سے یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ نام نہاد معاہدے کے آغاز سے اب تک 1,705 سے زائد فلسطینی شہید اور تقریباً 6,170 زخمی ہو چکے ہیں، انہیں ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنے کی پکار بننا چاہیے۔ انہوں نے قرار دیا کہ یہ اعداد و شمار فلسطینی عوام کے خلاف جاری جرائم کی شدت کو عیاں کرتے ہیں اور تحریک المسار البدیل کے اس موقف کی صداقت ثابت کرتے ہیں جب ہم نے نسل کشی روکنے کے بجائے نام نہاد جنگ بندی کو مسترد کر دیا تھا اور کہا تھا کہ یہ ایک دھوکا دہی پر مبنی نعرہ ہے جس کا اسرائیلی دشمن کبھی احترام نہیں کرے گا۔
خالدہ ابو بکرہ نے معاہدے کے نام نہاد ضامن ممالک کو جارحیت کے تسلسل کا سیاسی اور اخلاقی ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ سفارتی بیانات اور عالمی وعدے نسل کشی کی جنگ روکنے، محاصرہ ختم کرنے اور فلسطینی عوام کی تکالیف کے خاتمے کا متبادل نہیں بن سکتے۔
انہوں نے اپنے بیان میں تاکید کی کہ قابض اسرائیل کے روزمرہ جرائم پر سرکاری سطح کی عالمی خاموشی استثنا اور عدم احتساب کی پالیسی کو مزید پختہ کر رہی ہے، اور شہداء و زخمیوں کے گرنے کا تسلسل فلسطینیوں کی زندگی یا عالمی ذرائع ابلاغ میں ایک معمول کا منظر نہیں بننا چاہیے۔
انہوں نے اتوار 29 نومبر کو، جو فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر آ رہا ہے، قابض اسرائیل کے جرائم کی مذمت کرنے، نسل کشی کی جنگ روکنے، محاصرہ اٹھانے اور جنگی جرائم کے ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کرنے کے لیے وسیع ترین فلسطینی، عربی اور بین الاقوامی عوامی تحرک کی اپیل کی۔
خالدہ ابو بکرہ نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام سے یکجہتی کو محض علامتی تقریبات اور سفارتی بیانات تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے ان کے قومی اور انسانی حقوق کے دفاع سے جوڑا جانا چاہیے، جن میں سرفہرست ان کا حقِ آزادی اور حقِ واپسی شامل ہے۔