غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے جنگ بندی معاہدے کو ایک برس سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود غزہ کی پٹی میں شہریوں کے مسلسل قتل عام اور صہیونی وزیر جنگ یسرائیل کاٹز کی جانب سے غزہ شہر کو اس کے مکینوں سے خالی کرانے کی دھمکی پر امن کونسل کو اس کی خاموشی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
حماس نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ کاٹز کی جانب سے ٹارگٹ کلنگ جاری رکھنے اور شہر کے مکینوں کو بے دخل کرنے کی دھمکی، جن کی تعداد کا اندازہ دس لاکھ سے زائد لگایا گیا ہے، بنیامن نیتن یاہو کی حکومت کے جبری بے دخلی مسلط کرنے کے عزائم کو بے نقاب کرتی ہے اور ان مفاہمتوں پر عمل درآمد کے لیے ثالثوں کی کوششوں کو سبوتاژ کرتی ہے جن کی توثیق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کی تھی۔
یسرائیل کاٹز نے غزہ کی پٹی میں فوجی کارروائیوں کی بحالی کو حماس کو غیر مسلح نہ کیے جانے سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ کارروائیوں کے دوبارہ آغاز میں غزہ شہر سے تقریباً دس لاکھ فلسطینیوں کو دوبارہ پٹی کے جنوب کی طرف دھکیلنا بھی شامل ہو گا، جبکہ انہوں نے حماس کے سربراہ خلیل الحیہ اور دیگر قائدین کو قتل کرنے کی دھمکی بھی دی۔
حماس نے نتن یاہو حکومت پر قتل و غارت، محاصرے اور بھوک کے ذریعے نسل کشی کی جنگ جاری رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کے بعد سے قابض فوج تقریباً 1,700 فلسطینیوں کو شہید کر چکی ہے۔
جمعرات کو شائع کردہ اعداد و شمار میں غزہ کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ 11 اکتوبر سنہ 2025ء سے اب تک 1,705 فلسطینی شہید اور 6,163 زخمی ہو چکے ہیں، جن میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران پٹی کے ہسپتالوں میں لائے جانے والے 19 شہداء اور 48 زخمی بھی شامل ہیں۔
حماس نے کہا کہ اسرائیلی حملوں اور دھمکیوں کے سامنے امن کونسل پر مجرمانہ خاموشی طاری ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے نومبر سنہ 2025ء میں جاری کردہ اپنی قرارداد نمبر 2803 میں اس کونسل کے فرائض متعین کیے تھے جن میں غزہ میں انسانی امداد کی ہم آہنگی اور عوامی خدمات کی معاونت شامل ہے، نیز اقوام متحدہ اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں کے تعاون سے امداد کی مکمل ترسیل بحال کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا تھا۔
حماس نے ثالثوں اور متعلقہ فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حملے رکوانے اور نیتن یاہو حکومت کو معاہدے میں شامل سکیورٹی و انسانی ہمدردی کے وعدوں پر عمل درآمد کا پابند بنانے کے لیے فوری مداخلت کریں، جن میں سرفہرست غزہ کی پٹی کے مکینوں کی ضرورت کے مطابق امداد اور ریلیف سامان کے لیے گزرگاہیں کھولنا شامل ہے۔