غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ نے کہا ہے کہ معاہدے کے سائے میں قتل و غارت اور محاصرے کی مساوات کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے ضامن ممالک اور امن کونسل کے موقف پر شدید تنقید کی۔
خلیل الحیہ نے ایک اخباری بیان میں زور دے کر کہا کہ فلسطینی خون نہایت قیمتی ہے، قابض اسرائیل کے جرائم پر امن کونسل اور ضامن ممالک کی خاموشی کی پالیسی ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ حماس معاہدے کی اسرائیلی خلاف ورزیوں اور روزانہ کی بنیاد پر فلسطینیوں کے قتل عام کے تسلسل سے نمٹنے کے طریقوں پر فلسطینی قوتوں اور دھڑوں کے ساتھ مشاورت کر رہی ہے۔
الحیہ کے یہ بیانات جمعرات کے روز غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں دس فلسطینیوں کی شہادت کے بعد سامنے آئے ہی
ان میں سے چھ شہری مشرقی غزہ شہر کے علاقے شارع النفق اور مغربی غزہ کے الشاطی پناہ گزین کیمپ پر ہونے والے دو فضائی حملوں میں شہید ہوئے، جبکہ غزہ میں وزارت تعلیم و اعلیٰ تعلیم کے سیکرٹری ڈاکٹر خالد ابو ندا اور ان کی اہلیہ مغربی دیر البلح میں ایک رہائشی فلیٹ پر ہونے والے حملے میں جام شہادت نوش کر گئے۔
جمعرات کو جاری ہونے والی رپورٹ سے قبل کے 48 گھنٹوں کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ پٹی کے ہسپتالوں میں 19 شہداء اور 48 زخمی لائے گئے، جبکہ وزارت کے مطابق اکتوبر سنہ 2025ء میں جنگ بندی کے آغاز سے اب تک شہداء کی مجموعی تعداد تقریباً 1,705 اور زخمیوں کی تعداد 6,163 تک پہنچ چکی ہے۔