غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ قابض اسرائیل غزہ کی پٹی میں خواتین اور بچیوں کو قتل، زخمی کرنے، جبری نقل مکانی، بھوک اور صحت و تولیدی نگہداشت سے محروم رکھنے کے ذریعے دانستہ اور مسلسل نقصان پہنچا رہا ہے،یہ خلاف ورزیاں جاری نسل کشی کے جرم کا ایک اٹوٹ حصہ ہیں۔
یہ بات تنظیم کی جانب سے بدھ کے روز جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہی گئی، جس میں غزہ کی پٹی میں نسل کشی کے صنفی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا ہے اور اکتوبر سنہ 2025ء میں نافذ العمل ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے باوجود خواتین اور بچیوں کے خلاف جاری اسرائیلی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔
تنظیم نے واضح کیا کہ فلسطینی خواتین اور بچیوں کو قتل، زخمی کرنے، غیر قانونی حراست اور جبری نقل مکانی کے ساتھ ساتھ خوراک اور تولیدی صحت کی خدمات سمیت بنیادی طبی نگہداشت سے دانستہ محرومی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث حمل، زچگی اور اپنے تولیدی مستقبل کے حوالے سے فیصلے کرنے کی ان کی صلاحیت محدود ہو گئی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سیکرٹری جنرل اگنیس کالامارڈ نے کہا کہ یہ رپورٹ اس بات کے مزید شواہد پیش کرتی ہے کہ فلسطینیوں کو دانستہ طور پر ایسے حالات زندگی میں رکھ کر نسل کشی جاری رکھی جا رہی ہے جن کا مقصد انہیں مادی طور پر تباہ کرنا اور جسمانی و نفسیاتی نقصان پہنچانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی حملوں نے خواتین اور بچیوں کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو متاثر کیا ہے، جن میں قتل، زخمی ہونا، بھوک اور نقل مکانی سے لے کر صحت اور تولیدی نگہداشت کے وسائل کی تباہی تک شامل ہے، اور یہ نقصانات نسل کشی کے محض ضمنی اثرات نہیں بلکہ اس کا ایک لازمی حصہ ہیں۔
22 ہزار خواتین اور بچیاں شہید ہوئیں
رپورٹ کے مطابق، غزہ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کی روشنی میں 7 اکتوبر سنہ 2023ء سے یکم اکتوبر سنہ 2026ء کے درمیان اسرائیلی حملوں میں غزہ کی پٹی کے کل 74 ہزار 237 شہداء میں سے 22 ہزار 331 فلسطینی خواتین اور بچیاں شہید ہوئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ نسل کشی کے ابتدائی دو برسوں کے دوران روزانہ اوسطاً 30 خواتین اور بچیاں شہید ہوئیں۔
تنظیم نے نشاندہی کی کہ اکتوبر سنہ 2025ء کے جنگ بندی معاہدے کے بعد قتل و غارت کی رفتار میں کمی آنے کے باوجود یکم اکتوبر سنہ 2026ء تک اسرائیلی حملوں میں 1,439 افراد شہید ہوئے جن میں 274 خواتین اور بچیاں شامل ہیں، جبکہ 5,330 سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں 1,473 خواتین اور بچیاں شامل ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے خواتین اور بچیوں کو بالخصوص نام نہاد زرد لکیر کے قریبی علاقوں میں قتل کے مسلسل خطرات لاحق ہونے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ شوہروں، بیٹوں اور رشتہ داروں کے بچھڑ جانے، اور نقل مکانی، بمباری اور ضروریات زندگی کے فقدان کے عالم میں خاندانوں کی کفالت و دیکھ بھال کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی مجبوری سے ان کی مشکلات دوچند ہو گئی ہیں۔
صحت کے شعبے کی تباہی اور ماؤں کی زندگیوں کو لاحق خطرات
صحت کی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ غزہ کی پٹی کے 90 فیصد سے زائد ہسپتال تباہ ہو چکے ہیں یا جزوی طور پر کام کر رہے ہیں، جبکہ تولیدی صحت کی خدمات فراہم کرنے والے باقی ماندہ مراکز کو ادویات، طبی سازوسامان، آلات اور ایندھن کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں صحت کے شعبے کے کارکنوں کے حوالے سے کہا گیا کہ بنیادی سامان کے داخلے پر اسرائیلی پابندیوں کے باعث اسقاط حمل، مردہ بچوں کی پیدائش اور حمل کی خطرناک پیچیدگیوں میں اضافہ ہوا ہے، اس کے علاوہ زچگی کے دوران نگہداشت کا معیار گر گیا ہے اور بعض صورتوں میں ماؤں کی اموات بھی واقع ہوئی ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ نوزائیدہ بچوں کو انکیوبیٹرز اور جان بچانے والے طبی آلات ایک دوسرے کے ساتھ بانٹنے پر مجبور ہونا پڑا، جس سے ایسی اموات میں اضافہ ہوا جن پر قابو پایا جا سکتا تھا۔
تنظیم نے حاملہ خواتین اور زچگی کے بعد روبہ صحت ہونے والی خواتین کو بار بار نقل مکانی پر مجبور کیے جانے کے واقعات کو بھی دستاویزی شکل دی، جن میں ایسی خواتین بھی شامل ہیں جو طبی پیچیدگیوں کا شکار تھیں یا جنہیں حمل کے دوران شدید خطرات لاحق تھے، جس کے نتیجے میں ان کی ضروری طبی نگہداشت منقطع ہو گئی۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ طبی عملہ بجلی کی بندش، بے ہوشی کی ادویات کی قلت اور جراثیم کشی کے مناسب انتظامات کی عدم موجودگی میں آپریشن کے ذریعے زچگی کرانے پر مجبور ہوا، جبکہ محاصرے اور حملوں کی زد میں آئے ہوئے ہسپتالوں کے تہہ خانوں میں خواتین نے بچوں کو جنم دیا۔
ہسپتالوں پر حملوں کا جائزہ لیتے ہوئے تنظیم نے کہا کہ اس نے ایسے واقعات دستاویزی شکل دیے ہیں جن میں فلسطینی مسلح گروہوں اور حماس کے ماتحت حکام نے طبی مراکز کا غلط استعمال کیا، تاہم اسے ان اسرائیلی دعوؤں کی تائید میں کوئی ثبوت نہیں ملا کہ ہسپتالوں کو کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
تنظیم نے اس بات پر زور دیا کہ مسلح گروہوں کی موجودگی اسرائیل کو بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اس کی ذمہ داریوں سے بری الذمہ قرار نہیں دیتی، جن میں شہریوں کا تحفظ اور اندھا دھند و غیر متناسب حملوں سے گریز شامل ہے۔
افزائش نسل کے مواقع کی تباہی اور تولیدی نگہداشت سے محرومی
ایک اور پہلو سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ تولیدی صحت کے مراکز کی تباہی، ادویات، بنیادی خدمات اور خوراک سے محرومی نیز جبری نقل مکانی کے نتیجے میں فلسطینی خواتین کی حمل اور افزائش نسل سے متعلق فیصلے کرنے کی صلاحیت کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ اسرائیلی حملوں اور محاصرے کے باعث غزہ کی پٹی میں ٹیسٹ ٹیوب بے بی کی سہولت فراہم کرنے والے تمام مراکز بند ہو گئے، اس کے ساتھ ہی ہزاروں منجمد جنین اور تولیدی مواد تباہ ہو گیا جو ہزاروں فلسطینی خاندانوں کی ملکیت تھا۔
مزید برآں غزہ کی پٹی سے باہر بانجھ پن کا علاج کرانے کے خواہشمند افراد سفر پر عائد سخت اسرائیلی پابندیوں کی وجہ سے اس سہولت تک رسائی سے محروم رہے۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ نفسیاتی صدمات اور کٹھن حالات زندگی کے باعث عدم تحفظ اور زندگی و صحت کی بنیادی سہولیات کی تباہی کے سائے میں بہت سی خواتین بچوں کی پیدائش کے اپنے منصوبے ترک کرنے پر مجبور ہو گئیں۔
اسرائیل کے احتساب اور اسلحے کی فراہمی روکنے کا مطالبہ
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ نسل کشی روکنے، خواتین اور بچیوں کے حقوق کے تحفظ اور صنفی بنیادوں پر ہونے والے جرائم کا سدباب کرنے کے لیے اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالنے کی خاطر تمام دستیاب ذرائع استعمال کریں۔
تنظیم کی سفارشات میں اسرائیل کو اسلحے کی تمام تر ترسیل فوری طور پر معطل کرنا، نسل کشی اور بین الاقوامی قانون کے تحت دیگر جرائم میں ملوث اسرائیلی حکام پر ہدفی پابندیاں عائد کرنا، اور اس بات کو یقینی بنانا شامل ہے کہ کمپنیاں غیر قانونی اسرائیلی اقدامات میں شریک نہ ہوں اور نہ ہی ان سے منافع کمائیں۔
تنظیم نے اسرائیلی حکام کے خلاف تحقیقات اور عدالتی کارروائی کرنے، نیز عالمی فوجداری عدالت کی حمایت کرنے کا مطالبہ بھی کیا تاکہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو کی عدالت کے ججوں کے روبرو پیشی یقینی بنائی جا سکے۔
مزید برآں تنظیم نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی آبادی کے اندر افزائش نسل روکنے کے لیے اقدامات مسلط کرنے کے حوالے سے اسرائیل کے خلاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا، کیونکہ یہ فعل نسل کشی کے جرم کی روک تھام اور سزا کے کنونشن کے آرٹیکل دوم کے پیراگراف (د) کے تحت ممنوعہ افعال کے زمرے میں آتا ہے۔