غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر جاری حملوں کے نتیجے میں تین فلسطینی شہری جام شہادت نوش کر گئے، جن کے دوران فوجی گاڑیوں، جنگی کشتیوں اور ڈرون طیاروں سے بمباری و فائرنگ کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی کے شمالی علاقوں میں عمارتوں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی کارروائیاں بھی کی گئیں۔
ناصر میڈیکل کمپلیکس نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے مغرب میں واقع المواصی کے علاقے کو نشانہ بنانے والی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہری بلال یوسف السمہوری شہید ہو گئے، جبکہ اسی بمباری میں شدید زخمی ہونے والے 35 سالہ شہری نضال خالد حسن الشریف بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔
غزہ شہر میں اسرائیلی جنگی کشتیوں نے شہر کے مغرب میں واقع الشاطئ پناہ گزین کیمپ کے ساحل کی جانب بھاری مشین گنوں سے شدید فائرنگ کی، جبکہ اسی دوران علاقے کی فضا میں ’’کواڈ کاپٹر‘‘ طرز کا ایک ڈرون طیارہ بھی پرواز کرتا رہا۔
ان حملوں کا دائرہ وسطی گورنریٹ تک پھیل گیا جہاں اسرائیلی فوجی گاڑیوں نے فجر کے وقت تقریباً سوا چار بجے گورنریٹ کے شمال میں واقع وادی غزہ پل کے قریب شدید فائرنگ کی، جس کے تقریباً 25 منٹ بعد النصیرات پناہ گزین کیمپ کے بلاک سی میں شہریوں کے مکانات کو شدید اور اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس سے مقامی باشندوں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے۔
بعد ازاں ایک اور میدانی پیش رفت میں دیر البلح شہر کے مشرقی علاقے میں اسرائیلی ’’کواڈ کاپٹر‘‘ ڈرون طیارے کی جانب سے بم گرائے جانے کے نتیجے میں 50 سالہ شہری لؤی جواد ادیب ابو عید شہید ہو گئے، جن کا جسد خاکی شہدائے اقصیٰ اسپتال پہنچا دیا گیا۔
غزہ کی پٹی کے شمالی حصے میں قابض افواج نے جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کے باوجود عمارتوں اور تنصیبات کی مسلسل تباہی کے سلسلے میں دھماکہ خیز کارروائی کرتے ہوئے عمارتوں کو مسمار کیا۔
یہ حملے جنگ بندی معاہدے کی ان مسلسل اسرائیلی خلاف ورزیوں کا حصہ ہیں جو 11 اکتوبر سنہ 2025ء کو نافذ العمل ہوا تھا، اور گذشتہ عرصے کے دوران ان خلاف ورزیوں میں فضائی و توپ خانے کی بمباری، فوجی گاڑیوں، جنگی کشتیوں و ڈرون طیاروں سے فائرنگ اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانا شامل رہا ہے۔
غزہ میں وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کے بعد سے اب تک شہداء کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1,671 ہو گئی ہے، اس کے علاوہ 6,062 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ متعلقہ ٹیمیں 851 شہداء کے جسد خاکی ملبے سے نکالنے میں کامیاب رہی ہیں۔
دوسری جانب وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر سنہ 2023ء کو غزہ کی پٹی پر اسرائیلی نسل کشی کی جنگ کے آغاز سے اب تک شہداء کی مجموعی تعداد بڑھ کر 74,736 اور زخمیوں کی تعداد 176,194 ہو گئی ہے۔