خانیونس – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) جمعہ کی شام جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس کے مغرب میں واقع محلے الامل میں قابض اسرائیل کی بمباری کا نشانہ بننے والے ایک مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری زخمی ہو گیا۔
شہری دفاع کے عملے نے صافی خاندان کے مکان کی ایک منزل کی چھت گرنے کے بعد ملبے تلے دبے زخمی شہری کو نکال کر ناصر میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت کو درمیانی قرار دیا ہے۔
منہدم ہونے والی منزل قبل ازیں قابض اسرائیل کی بمباری سے تباہ ہو چکی تھی جس کے بعد شہری کی وہاں موجودگی کے دوران اس کی چھت اور ملبہ اچانک گر گیا۔
متاثرہ عمارتوں کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے شہری دفاع نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں تقریباً دو ہزار عمارتیں گرنے کے دہانے پر ہیں جن میں تاحال بڑی تعداد میں شہری رہائش پذیر ہیں، اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ شہر میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے تلے دبے لاپتہ افراد کو نکالنے کے لیے ضروری آلات فراہم کیے جائیں۔
فلسطینی امدادی ٹیموں کو ملبہ ہٹانے اور پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ غزہ کی پٹی پر عائد قابض اسرائیل کے محاصرے اور امدادی کارروائیوں کے لیے ضروری آلات و مشینری کے داخلے پر پابندی کے باعث ان کے پاس کنکریٹ کے بھاری بلاکس اٹھانے کے لیے بھاری مشینری اور کھدائی کرنے والی گاڑیاں موجود نہیں ہیں، جس کی وجہ سے عملے کو دستی محنت اور روایتی اوزاروں پر انحصار کرنا پڑتا ہے جس سے لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل طویل ہو جاتا ہے اور شہریوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات دوچند ہو جاتے ہیں۔