غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی لہولہان اور ملبہ زار سرزمین پر موسم سرما کی یخ بستہ ہواؤں نے جب دستک دی تو یہ محض ایک موسم کی تبدیلی نہیں تھی بلکہ ان لاکھوں معصوم بچوں کے لیے ایک نئے اور جان لیوا امتحان کا آغاز تھا جو پہلے ہی قابض اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کی آگ میں اپنے گھر، اپنے پیارے اور اپنے خواب کھو چکے ہیں۔ بوسیدہ، پیوند لگے اور پھٹے پرانے خیموں کی کمزور اوٹ میں پناہ لینے والے یہ ننھے پھول اب آسمان سے برستے بے رحم پانی اور ہڈیوں کا گودا جما دینے والی ٹھنڈ کے سامنے بالکل بے بس و لاچار کھڑے ہیں۔ ان کے سروں پر کوئی مضبوط چھت کا سایہ ہے نہ کانپتے جسموں کو ڈھانپنے کے لیے گرم لباس میسر ہے اور نہ ہی بیماری کی صورت میں دواؤں کا کوئی سہارا باقی بچا ہے۔
نقل مکانی کے کیمپوں کے اندر پھیلا ہوا منظر انسانی المیے کی ایک ایسی دل خراش تصویر پیش کرتا ہے جو پتھر دلوں کو بھی موم کر دے۔ جب آسمان سے برستا یخ بستہ پانی ان خیموں کی بوسیدہ چھتوں اور دیواروں سے رستا ہوا اندر داخل ہوتا ہے تو ماؤں کی ممتا کے بچھائے ہوئے بستر اور پھٹے ہوئے لحاف لمحوں میں شرابور ہو جاتے ہیں۔ ننھے بچے بھیگے ہوئے کپڑوں میں لپٹے، کیچڑ اور نمی کے درمیان سردی کی شدت سے کانپتے ہوئے راتیں گزارنے پر مجبور ہیں، جہاں محفوظ اور باوقار انسانی زندگی کی ادنیٰ ترین رمق بھی باقی نہیں بچی۔ ماؤں کے سینوں سے چمٹے شیر خوار بچے سردی کی شدت سے نیلے پڑ رہے ہیں اور بے بس والدین اپنی بے بسی پر آنسو بہانے کے سوا کچھ نہیں کر پا رہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے "سکائی نیوز” کے بین الاقوامی نامہ نگار ایلکس روسی کی رپورٹ نے بھی دنیا کے سوئے ہوئے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی ہے، جس میں غزہ کے معصوم بچوں پر ٹوٹنے والی اس قیامت کی لرزہ خیز منظر کشی کی گئی ہے۔ اس دل سوز رپورٹ کا عنوان ہی اس کرب و اذیت کی شدت بیان کرنے کے لیے کافی ہے کہ غزہ میں سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی یہ ننھا بچہ اپنی ہر سانس کے لیے زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ بدترین وقت ابھی آنا باقی ہے۔ بارشوں کے طوفانی ریلوں نے پناہ گزین کیمپوں کی بستیوں کو دلدل اور تالابوں میں تبدیل کر دیا ہے، جس نے شیر خوار بچوں اور معصوم کلیوں کے لیے سانس لینا بھی دشوار بنا دیا ہے۔ بین الاقوامی کمیٹی برائے صلیب احمر کی یہ دردناک پکار اس تلخ حقیقت کی گواہی دیتی ہے کہ موسمی سختیوں سے تحفظ کی عدم موجودگی اور انسانی ضروریات کے پہاڑ جیسے دباؤ کے سائے میں ان کیمپوں میں اب زندگی گزارنا ناقابل برداشت اور ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔
سردی اور بارش کا یہ عذاب تنہا نہیں آیا بلکہ اس کے جلو میں مہلک بیماریوں کا ایک خاموش طوفان بھی امڈ آیا ہے۔ تنگ و تاریک جگہوں پر انسانوں کا بے پناہ ہجوم، ہر طرف پھیلی ہوئی نمی، تازہ ہوا کا فقدان، تباہ حال نکاسی آب کا نظام اور ادویات کے قحط نے معصوم جانوں کو چاروں طرف سے گھیر لیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے لرزہ خیز اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ غزہ کی پٹی میں نظام تنفس کے شدید انفیکشن کے کیسز میں گذشتہ برس کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً 33 ہزار کا ہولناک اضافہ ہوا ہے اور اب اسپتالوں و طبی مراکز میں آنے والا تقریباً ہر نواں مریض اسی سانس کے عذاب میں مبتلا ہے۔ طبی ماہرین کو خدشہ ہے کہ آنے والے ہفتوں میں جب پارہ مزید گرے گا اور سیلابی ریلے پھیلیں گے تو آلودہ پانی اور یخ بستہ سردی مل کر معصوم بچوں کی سانسوں کی ڈور مزید کمزور کر دیں گے اور سانس و پیٹ کی بیماریاں ایک وبا کی صورت اختیار کر لیں گی۔
یہ المیہ کسی ایک خاندان یا چند بچوں کی کہانی نہیں بلکہ ایک پوری نسل کا نوحہ ہے جس کا بچپن ملبے اور کیچڑ میں دفن ہو رہا ہے۔ برطانوی امدادی تنظیم سیو دی چلڈرن کے مطابق نصف ملین سے زائد معصوم بچے ان چیتھڑوں جیسے خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں اپنی چوتھی سردی کاٹ رہے ہیں۔ رواں ماہ آٹھ نومبر کو آنے والے موسم سرما کے پہلے ہی طوفان نے ایک ہی دن میں تقریباً 70 ہزار خیموں کو ڈبو کر تباہ کر دیا، جس کے بعد ہزاروں بے آسرا خاندان کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار رہ گئے۔ جب رات کے سناٹے میں درجہ حرارت پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک گرتا ہے تو یہ معصوم بچے گیلی زمین پر سونے اور بھیگے ہوئے کپڑوں میں ٹھٹھرتے رہنے پر مجبور ہوتے ہیں، جبکہ مجبور و بے بس والدین اپنے جگر گوشوں کو معمولی سی حرارت پہنچانے کے لیے پلاسٹک اور کوڑا کرکٹ جلا کر آگ تاپنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں جس کا زہریلا دھواں الٹا بچوں کے پھیپھڑوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔ فلسطینی پناہ گاہوں کے شعبے کا جائزہ بتاتا ہے کہ پانچ لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں سمیت 1.2 ملین انسان رہائش کے ایسے حالات میں سسک رہے ہیں جنہیں انتہائی تشویشناک اور تباہ کن قرار دیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسف کے اندازوں کے مطابق تقریباً 17 لاکھ بے گھر افراد سیلابی ریلوں، خستہ حال عمارتوں کے منہدم ہونے اور پانی و نکاسی آب کے نیٹ ورکس کی مکمل تباہی کے خطرات کے درمیان خیموں، عارضی پناہ گاہوں یا جنگ سے متاثرہ عمارتوں میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ یونیسیف نے نو نومبر کو خبردار کیا تھا کہ تقریباً نو لاکھ 50 ہزار بے گھر افراد ایسے نشیبی علاقوں میں مقیم ہیں جو براہ راست سیلاب کی زد میں آ سکتے ہیں، جن میں سے چار لاکھ افراد انتہائی خطرناک مقامات پر زندگی گزار رہے ہیں اور ان میں سے تقریباً نصف تعداد معصوم بچوں پر مشتمل ہے۔ حالیہ بارشوں نے پہلے سے تباہ حال طبی اور خدماتی مراکز کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے جس سے صاف پانی کی آلودگی اور وبائی امراض کے پھیلاؤ کے خطرات کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔
اس انسانی المیے کا سب سے تکلیف دہ اور شرمناک پہلو یہ ہے کہ ایک طرف غزہ کے معصوم بچے سردی اور بارش سے ٹھٹھر کر دم توڑ رہے ہیں اور دوسری طرف اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور اوچا کی رپورٹ کے مطابق امدادی اداروں اور رکن ممالک کے خریدے ہوئے ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد خیمے غزہ کی سرحدوں کے باہر داخلے کی اجازت کے منتظر کھڑے ہیں، جبکہ غزہ کے اندر لحافوں، گرم کپڑوں اور پناہ گاہوں کے بنیادی سامان کا شدید قحط ہے۔ عالمی ضمیر کی مجرمانہ خاموشی اور ظالمانہ پابندیوں کی دیواروں کے درمیان غزہ کے یہ معصوم پھول ایک ایسی طویل اور یخ بستہ رات کا سامنا کر رہے ہیں جس کی سحر کا انہیں بے صبری سے انتظار ہے۔