غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات کی فجر کے وقت جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خانیونس میں واقع ناصر میڈیکل کمپلیکس کو نشانہ بنانے والی قابض اسرائیلی بمباری میں ایک سرجن ڈاکٹر کی شہادت کے بعد غزہ کی پٹی میں شہید ہونے والے طبی عملے کے ارکان کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1724 ہو گئی ہے جن میں 155 ڈاکٹر شامل ہیں۔
وزارت صحت کے ترجمان زاہر الوحیدی نے ایک اخباری بیان میں کہا کہ کمپلیکس کے شعبہ جنرل سرجری کے ڈاکٹر رزق ابو شعیرہ اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہو گئے۔ یہ طبی عملے کو نشانہ بنانے کا ایک نیا واقعہ ہے جو نظام صحت کو درپیش غیر معمولی اور کٹھن حالات کے باوجود اپنی خدمات کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔
الوحیدی نے واضح کیا کہ متعلقہ ٹیمیں نشانہ بننے والی عمارت کے اندر نقصانات کا تخمینہ لگانے اور تفصیلات جمع کرنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ طبی سہولیات و شعبہ جات کو پہنچنے والے نقصان کے حجم اور مریضوں و زخمیوں کو خدمات فراہم کرنے کی کمپلیکس کی صلاحیت پر اس کے اثرات کا تعین کیا جا سکے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ قابض صہیونی عقوبت خانوں میں 16 ڈاکٹروں کی مسلسل قید کے باعث نظام صحت کو بڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنا ہے جس سے ماہر طبی عملے کی شدید قلت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اور کام کرنے والے عملے پر بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔
چار بنیادی شعبوں کی بندش
دوسری جانب ناصر میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر احمد الفرا نے تصدیق کی کہ جارحیت کے آغاز سے اب تک قابض افواج نے ساتویں بار کمپلیکس کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس بمباری کے نتیجے میں ڈاکٹر ابو شعیرہ اس وقت شہید ہوئے جب وہ ایک مریض کا آپریشن کر رہے تھے۔
الفرا نے بمباری کے سنگین نتائج سے خبردار کیا جس کے باعث چار بنیادی شعبوں بشمول آپریشن تھیٹرز، ریڈیالوجی اور لیبارٹریز میں کام بند ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کمپلیکس طبی سامان اور آلات کی شدید قلت کے باوجود غزہ کی پٹی میں تقریباً دس لاکھ شہریوں کو طبی خدمات فراہم کرتا ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کی فجر کے وقت جراحی کی عمارت کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں چھ شہری شہید اور 20 سے زائد دیگر زخمی ہو گئے تھے جبکہ انتہائی نگہداشت، سرجری اور امراض باطنہ کے شعبوں کو بھی وسیع نقصان پہنچا تھا۔
حملوں کا مسلسل ریکارڈ
یہ حالیہ بمباری اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ سات اکتوبر سنہ 2023ء کو غزہ کی پٹی پر قابض اسرائیل کی جنگ کے آغاز سے ہی ناصر میڈیکل کمپلیکس کو حملوں، محاصرے اور چھاپوں کے ایک طویل سلسلے کا سامنا رہا ہے۔
دسمبر سنہ 2023ء میں کمپلیکس کی اہم تنصیبات پر پہلی بار براہ راست بمباری کی گئی جس کے بعد فروری سنہ 2024ء میں اس کا سخت عسکری محاصرہ کیا گیا جو کمپلیکس پر دھاوا بولنے، اس کے شعبوں کی تلاشی لینے اور ایمبولینس گاڑیوں کی تباہی پر منتج ہوا۔
مارچ سنہ 2025ء میں شعبہ جراحی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دو مریض شہید ہو گئے اور شدید آگ بھڑک اٹھنے سے طبی آلات جل کر راکھ ہو گئے جبکہ اسی سال مئی میں قابض افواج نے برنز یونٹ اور طبی امداد کے گوداموں پر بمباری کی۔
اگست سنہ 2025ء میں قابض افواج کے طیاروں نے کمپلیکس کے اندر ایک عمارت پر فضائی حملے کیے جن کے نتیجے میں پانچ صحافیوں اور ایمبولینس عملے کے ارکان سمیت 20 شہری شہید ہو گئے۔
یہ تازہ حملہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ کا شعبہ صحت ڈاکٹروں اور طبی عملے کے بھاری جانی نقصان، طبی اداروں کی تباہی اور ان کے شعبوں کی بندش کے باعث مسلسل دباؤ کا شکار ہے جس سے مریضوں اور زخمیوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کی اس کی صلاحیت محدود ہو کر رہ گئی ہے۔