غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس میں واقع ناصر میڈیکل کمپلیکس کو نشانہ بنانے والے قابض اسرائیلی قتل عام کے حوالے سے امن کونسل کے جاری کردہ بیان کے مندرجات کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کر دیا ہے۔ جماعت نے کونسل پر قابض اسرائیل کا بیانیہ اپنانے اور شہریوں و طبی مراکز کے خلاف اس کے جرائم پر پردہ ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے۔
حماس نے ایک اخباری بیان میں کہا کہ امن کونسل کے موقف نے گمراہ کن قابض اسرائیلی بیانیے کو اپنایا ہے اور غزہ کی پٹی میں شہریوں اور شہری ڈھانچے، جن میں ہسپتال اور طبی سہولیات سرفہرست ہیں، کو نشانہ بنانے والی مسلسل جارحیت اور منظم خلاف ورزیوں کو نظرانداز کیا ہے۔
حماس نے قرار دیا کہ ہسپتالوں کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے متعلق قابض فوج کے بے بنیاد دعوؤں کو دہراتے ہوئے خود متاثرین کو ان کے خلاف ہونے والے جرائم کا ذمہ دار ٹھہرانا ایک ایسے تعصب کی عکاسی کرتا ہے جو کونسل کی ذمہ داریوں سے متصادم ہے اور معروضیت و انصاف کے معیارات کے منافی ہے۔
’حماس‘ نے اس بات پر زور دیا کہ کونسل اور اس کے نمائندے ملادینوف کا فرض تھا کہ وہ شہریوں اور طبی اداروں کو نشانہ بنائے جانے کی مذمت کرتے اور جرم کے محرکات بے نقاب کرنے و خلاف ورزیوں کے ذمہ داروں کا احتساب کرنے کے لیے آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کرتے۔
جماعت نے قابض فوج کے وحشیانہ طرز عمل پر سرکاری بین الاقوامی خاموشی کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ عالمی اداروں کی خاموشی ان کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں میں کوتاہی کی نمائندگی کرتی ہے اور خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے ڈھال فراہم کرتی ہے۔
تحریک نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں، فلسطینی عوام کے خلاف جارحیت روکنے کے لیے متحرک ہوں اور شہری و طبی تنصیبات کا تحفظ یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ امن کونسل نے ناصر میڈیکل کمپلیکس پر قابض اسرائیلی حملے کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا تھا کہ فضائی حملے کے نتیجے میں ہونے والا جانی نقصان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیش کردہ جامع امن منصوبے پر مزید تاخیر کے بغیر فوری عمل درآمد کی ضرورت کو لازم قرار دیتا ہے۔
کونسل نے قابض اسرائیل اور اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ دونوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس منصوبے کے تحت اپنے وعدوں کی فوری پاسداری کریں جس میں شہریوں کا تحفظ، جنگ بندی برقرار رکھنا اور غزہ کی پٹی کو غیر مسلح کرنے کے عمل میں آگے بڑھنا شامل ہے۔
یاد رہے کہ جمعرات کی فجر کے وقت خانیونس شہر کے مغرب میں واقع ناصر میڈیکل کمپلیکس کے اندر جراحی کی عمارت ’الیاسین‘ کو نشانہ بنانے والی قابض اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں ایک ڈاکٹر سمیت چھ شہری شہید اور 20 سے زائد دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
یہ قتل عام جنگ بندی کے اس معاہدے کی قابض اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیوں کے سائے میں سامنے آیا ہے جو عرب اور امریکی ثالثی کے ذریعے مصر کے شہر شرم الشیخ میں طے پانے کے بعد 10 اکتوبر سنہ 2025ء کو نافذ العمل ہوا تھا۔