غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ میں مزاحمتی سکیورٹی سے وابستہ ’رادع‘ فورس نے 26 اکتوبر سنہ 2026ء کو ہونے والے اس تصادم کی تفصیلات کو افشا کیا ہے جو ایک طرف مزاحمت کاروں اور شہریوں نیز دوسری طرف باغی غسان الدھینی سے وابستہ ایک مسلح گروہ کے درمیان پیش ائے تھے۔ یہ تصادم غزہ کے جنوبی علاقے مواصی رفح میں الاقلیمی کے مشرقی حصے میں واقع اجیال (2) پناہ گزین کیمپ میں بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنانے والے ایک حملے کے بعد پیش ائے۔
فورس نے اتوار کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں ذکر کیا کہ اس مسلح گروہ کے افراد نے کیمپ کے اندر ابو سنیمہ، ابو جاموس، الصوفی اور دھلیز خاندانوں کے خیموں کو اپنے گھیرے میں لے لیا تاکہ ان پر دھاوا بولا جا سکے اور ان کی تلاشی لی جا سکے، جبکہ اس دوران انہیں قابض اسرائیلی طیاروں کی فضائی پشت پناہی حاصل تھی۔
فورس کے بیان کے مطابق اس چھاپہ مار کارروائی کے دوران اس وقت جھڑپیں پھوٹ پڑیں جب مزاحمت کار تامر سیف الدین ابو سنیمہ نے مسلح افراد کا مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں حسن رأفت حسن ماضی ہلاک ہو گیا، جبکہ ایک دوسرے مزاحمت کار نے مسلح افراد کے ایک گروہ کے درمیان ایک دھماکہ خیز مواد کا دھماکہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ان کے 10 افراد ہلاک و زخمی ہو گئے۔
ایک میدانی پیش رفت میں شہریوں نے اس مسلح گروہ کے افراد کی طرف پتھراؤ کر کے اور علاقے سے ان کے فرار کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر کے ان کا مقابلہ کرنے میں حصہ لیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہلاک و زخمی ہونے والوں کو نکالنے کے لیے امدادی پکار کے بعد قابض دشمن کی گاڑیوں نے تصادم کی جگہ کے ارد گرد دھوئیں کے گولے برسائے، جس کے بعد ایک جاسوس طیارے نے بے گھر افراد کے خیموں کی طرف دو میزائل داغے۔ اس کے نتیجے میں مزاحمت کار تامر ابو سنیمہ، شہری حسام فخری الزاملی اور دو بچیاں جوری اسلام الصوفی اور تہانی محمد شلالفہ شہید ہو گئیں، جبکہ دیگر شہری زخمی بھی ہوئے۔
فورس نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ اس مسلح گروہ کے افراد نے عورتوں اور بچوں سمیت متعدد شہریوں کو یرغمال بنا لیا اور الدھینی سے وابستہ گروہ کے کیمپ کی طرف اپنے فرار کے دوران انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔
بیان کے مطابق کیمپ پہنچنے کے بعد مسلح افراد نے ایک شیر خوار بچے سمیت تین خواتین اور نو بچوں کو رہا کر دیا، جبکہ مردوں کو حراست میں رکھا اور اسرائیلی انٹیلی جنس کے ایک افسر کی فون کے ذریعے موجودگی میں ان سے پوچھ گچھ جاری رکھی۔