غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی پٹی پر موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی نازل ہونے والا پہلا شدید فضائی دباؤ صرف بارش کا ایک عارضی سلسلہ ثابت نہیں ہوا، بلکہ محض چند گھنٹوں میں ایک تازہ انسانی تباہی کا روپ دھار گیا۔ پانی کے بے رحم بہاؤ نے دہائیوں سے بے گھر فلسطینیوں کے دسیوں ہزار خیموں کو غرق کر دیا اور ان کے پاس بچ جانے والے بستر، لحاف اور دیگر زیست کا سامان بھی تلف کر ڈالا، جس کے بعد مناسب چھت اور سردی سے نمٹنے کے لیے ضروری سامان کی عدم دستیابی کے باعث لاکھوں خاندان خود کو ایک انتہائی کٹھن امتحان کے سامنے پانے پر مجبور ہو گئے۔
غزہ کے سرکاری میڈیا دفتر نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ اس شدید فضائی دباؤ کے اثرات شروع ہونے کے بعد محض 12 گھنٹوں کے اندر اندر بے گھر افراد کے 70 ہزار خیمے ڈوب گئے، جس سے ہونے والے ابتدائی اور براہِ راست نقصان کا تخمینہ 3 ملین ڈالر کے قریب لگایا گیا ہے۔
دفتر نے مزید وضاحت کی کہ طوفانی بارشوں اور شدید ہواؤں کے باعث پٹی کی مختلف گورنریوں میں دسیوں دیواریں زمین بوس ہو گئیں، جس سے متعدد افراد مختلف درجے میں زخمی ہوئے اور ان میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جنگ کی سفاکانہ بمباری سے متاثرہ اور خستہ حال عمارتوں کے گرنے کے شدید خطرات لاحق ہیں۔
یہ اعداد و شمار ان بے گھر شہریوں کی ناگفتہ بہ حالت کی ترجمانی کرتے ہیں جو بوسیدہ خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہوئے، کیونکہ قابض اسرائیل کی سفاکیت نے ان کے گھر اور بنیادی ڈھانچے کا بڑا حصہ تباہ کر ڈالا تھا، جبکہ موسم کے تغیرات سے بچانے والی کسی دوسری رہائش کا کوئی متبادل موجود نہیں تھا۔
ہزاروں امدادی کالز.. اور شہری دفاع ردِعمل سے قاصر
فضائی دباؤ کے ان بھیانک اثرات نے درپیش انسانی ضروریات اور دستیاب وسائل کے درمیان موجود کھائی کو طشت از بام کر دیا۔ غزہ میں شہری دفاع کے ادارے نے بتایا کہ جمعے کی شام عاصفہ کے آغاز سے اب تک انہیں 2166 امدادی کالز موصول ہوئیں، جن میں سے ان کے ادارے کے اہلکار محض 218 کالز پر ہی پہنچ سکے۔
شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بے گھر افراد کے دسیوں کیمپ، پناہ گاہیں اور پورے کے پورے رہائشی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ رپورٹس کی کثیر تعداد اور سامان و آلات کی شدید قلت کے باعث شہری دفاع کی ٹیمیں متعدد مقامات پر پہنچنے کے بجائے متاثرہ خاندانوں کو محض ٹیلی فون پر رہنمائی فراہم کرنے پر مجبور ہو گئیں۔
شہری دفاعی ادارے نے اس بات کی نشاندہی کی کہ طوفان کے ابتدائی 10 گھنٹوں کے اندر ہی 1500 کے قریب امدادی کالز موصول ہوئیں، جو تباہی کے تیزی سے پھیلنے اور سیلابی پانی میں محصور ہونے والے خاندانوں کی تعداد میں تند و تیز اضافے کا واضح ثبوت ہے۔
تباہی کے یہ اثرات صرف خیموں تک محدود نہ رہے، بلکہ بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث متعدد تباہ حال مکانات کے کچھ حصے بھی ڈھے گئے۔ اناضول ایجنسی نے خبر دی ہے کہ مختلف علاقوں میں عمارتوں کے گرنے کے واقعات پیش آئے اور دیواریں اور لوہے کے شیٹ گرنے سے 5 فلسطینی زخمی ہو گئے۔ اس دوران شہری دفاع نے انتباہ جاری کیا کہ 2000 سے زائد عمارتیں اپنے رہائشیوں کے سروں پر گرنے کے انتہائی خطرے میں ہیں۔
ان سنگین پیش رفتوں کی بھیانک بات یہ ہے کہ ہزاروں خاندانوں کے پاس اب کوئی محفوظ راستہ یا جگہ بھی باقی نہیں بچی، حتیٰ کہ جب ان کے خیمے اور مکانات مکمل طور پر غرقابی یا الٹنے کے خطرے سے دوچار ہوں۔
بچے اور بیمار کھلے آسمان تلے.. اور پانی زندگی کی اخری نشانیوں کو بھی نگل گیا
غزہ شہر دیر البلح اور خان یونس کے کیمپوں سے ہمارے نامہ نگاروں اور صحافیوں کے بھیجے گئے المناک مناظر میں دکھایا گیا کہ کس طرح خاندان اپنے ابتدائی طریقوں سے خیموں سے پانی نکالنے کی سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں، جبکہ کیچڑ اور گندے پانی کے جوہڑوں نے بستر، کمبل اور کپڑے اپنے لپیٹ میں لے لیے ہیں اور ننھے بچے پانی اور کیچڑ کے درمیان ننگے پاؤں کھڑے ہونے پر مجبور ہیں۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ ترپالوں اور معمولی کپڑوں سے بنے خیموں میں پانی رِس کر اندر داخل ہو رہا ہے، جو تیز بارشوں اور طوفانی ہواؤں کے سامنے بالکل بھی تحفظ فراہم کرنے کی طاقت نہیں رکھتے۔
خان یونس میں بھی، مواصی کے ساحلی علاقے سے تشویشناک مناظر سامنے آئے، جہاں بے گھر افراد کے بڑے پیمانے پر کیمپ موجود ہیں۔ ساحل کے قریب مقیم خاندانوں کو سمندری لہروں اور پانی کی سطح بلند ہونے کے سبب اضافی خطرات کا سامنا ہے، جبکہ کیمپوں کے اندر بارش کا پانی جمع ہو چکا ہے۔
مختلف معاشرتی طبقات، بالخصوص شیر خوار بچوں، قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں، معمر افراد، بیماروں اور معذوروں کے مصائب دوچند ہو گئے ہیں، جنہیں ایک محفوظ ماحول، گرمائش کے ذرائع اور طبی دیکھ بھال کی اشد ضرورت ہے جو زیادہ تر پناہ گاہوں میں ناپید ہے۔
شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے سردی اور نمی سے بچاؤ میں مکمل ناکام خیموں میں ان تمام کمزور طبقات کی مسلسل موجودگی سے لاحق خطرات پر شدید تشویش کا اظہار کیا، کیونکہ گرد و پیش کا ماحول آلودہ ہونے کی وجہ سے بیماریوں کے پھیلنے کا اندیشہ بڑھتا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں، مختلف کیمپوں میں بارش کے پانی میں سیوریج کا گندا پانی شامل ہونے کے باعث صحت اور ماحول کے لیے نئے خطرات پیدا ہو رہے ہیں، بالخصوص نالیوں کی تباہی اور بلدیاتی اداروں کی پانی کی نکاسی اور معالجے کی استعداد کار میں تلافی کی حد تک کمی کی وجہ سے حالات ابتر ہیں۔
200 ہزار خیموں کی ضرورت.. اور امداد رسد کی قلت سے تصادم
تباہی کا دائمی حجم بڑھنے کی روشنی میں موسمِ سرما کی شدت کا مقابلہ کرنے کے لیے درکار ضروریات، دستیاب بین الاقوامی امداد سے کہیں زیادہ دکھائی دیتی ہیں۔
ہنگامی خدمات کے شعبے کے حکام نے بتایا کہ غزہ کو لاکھوں بے گھر افراد کے لیے کم از کم چھت کی فراہمی کے مقصد سے فوری بنیادوں پر تقریباً 200 ہزار خیموں، نیز پری فیکٹریکیٹڈ کیبنوں، گرمائش کے سامان اور بارش سے تحفظ کی اشیاء کی ضرورت ہے۔
غزہ گورنری میں شہری دفاع کے ڈائریکٹر رائد الدھشان نے کہا کہ ادارے کے پاس متاثرین کو پناہ دینے کے لیے ایک سنگل خیمہ یا ترپال تک موجود نہیں ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس المیے سے نمٹنے کے لیے درکار وسائل کی غیر موجودگی میں ہماری ٹیموں کا اصل مقصد صرف انسانوں کی جانیں بچانا اور خطرناک مقامات سے شہریوں کو نکالنا ہے۔
اس سلسلے میں، فلسطینی این جی اوز نیٹ ورک کے ڈائریکٹر محمد صالحه نے بتایا کہ پٹی میں روزانہ داخل ہونے والے ٹرکوں کی تعداد 180 سے 200 کے درمیان ہے، جو کہ جنگ بندی معاہدے سے منسلک انسانی پروٹوکول میں طے شدہ 600 ٹرکوں کے مقابلے میں کہیں کم ہے، جبکہ ان تمام ٹرکوں میں سے صرف 40 کے قریب ہی واقعی انسانی امداد سے لدے ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارڈر کے مصری جانب تقریباً 50 ہزار خیمے تاحال موجود ہیں جنہیں پٹی کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خیموں کے غرقاب ہونے اور خاندانوں کو سخت نقصان پہنچنے کا انتظار کرنے کے بجائے اس تباہی کو روکا جائے۔
یہ تمام معلومات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پناہ گاہوں کا یہ بحران صرف موسم کے اثرات سے نہیں بلکہ سردیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری اشیاء اور سامان کی عدم فراہمی سے جڑا ہے، جب کہ ایک بہت بڑی آبادی اب بھی خستہ حال خیموں اور تباہ حال عمارتوں میں پناہ گزین ہے۔
تباہی کے مقابلے میں محدود امدادی کارروائیاں
تباہی کے اس وسیع پھیلاؤ کے مقابلے میں کچھ اداروں نے فضائی دباؤ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے میدانی سطح پر ہنگامی امدادی اقدامات شروع کیے ہیں۔
غزہ کی بحالی کے لیے قطری کمیٹی نے 15 سے زائد کیمپوں، اہم شاہراہوں اور علاقوں میں مٹی کے بند باندھنے، بارش کے پانی کے راستے کھولنے اور خیموں کی طرف پانی کے بہاؤ کو روکنے کے لیے ہینڈلنگ مشینری اور بلڈوزر روانہ کیے ہیں۔
کمیٹی نے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر آئندہ دنوں میں بھی ان اقدامات کو جاری رکھنے کی تصدیق کی تاکہ مسلسل بارشوں کے دوران بے گھر خاندانوں کو درپیش خطرات کو کم کیا جا سکے۔
تاہم ان کوششوں کی اہمیت اپنی جگہ، مگر تباہ شدہ خیموں کی جگہ نئے خیمے دینا اور سارا سامان کھو دینے والے خاندانوں کو بستر اور لحاف فراہم کرنا صرف پانی کی نکاسی سے ممکن نہیں ہے۔
علاوہ ازیں ایندھن، مشینری اور پانی کی نکاسی کے پمپوں کی مسلسل قلت بلدیاتی اداروں اور شہری دفاع کے لیے اضافی چیلنجز کا باعث بنی ہوئی ہے، جس سے کیمپوں اور گلیوں میں جمع شدہ پانی سے نمٹنے کی ان کی صلاحیت محدود ہو کر رہ گئی ہے۔
عمارتوں کی عدم بحالی کے سائے میں طویل اور سخت سرما
یہ تازہ تباہی غزہ میں گذشتہ سردیوں کے ادوار کے ان بھیانک مناظر کی یاد تازہ کرتی ہے جب خیمے پانی اور کیچڑ کا تالاب بن گئے تھے اور خاندانوں کو بغیر بستر اور گرم کپڑوں کے یخ بستہ راتیں کاٹنی پڑی تھیں۔
موجودہ بحران قابض اسرائیل کی اس خونریز جنگ کے مسلسل اثرات کے نیتجے میں ابھرا ہے جو اکتوبر سنہ 2023ء میں شروع کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں مکانات، عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر تباہ کیا گیا اور آبادی کی اکثریت بے گھر ہو کر اپنے گھر بار اور روزگار سے محروم ہو گئی۔
اگرچہ اکتوبر سنہ 2025ء سے جنگ بندی کا معاہدہ نافذ ہے، تاہم پناہ گاہوں کی فراہمی اور تعمیرِ نو کی ضرورت ان تمام المیوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے جو بین الاقوامی رپورٹس اور نیوز ایجنسیوں کے ذریعے سامنے آ رہے ہیں۔
یہ پیش رفت خبردار کرتی ہے کہ اگر کسی عاجلانہ اور دیرپا حل کا انتظام نہ کیا گیا جس میں خیموں، ڈبل روم پری فیکٹریکیٹڈ ہاؤسنگ، تعمیری مواد، گرمائش کے آلات اور نکاسیِ آب کے سامان کی بلاتعطل فراہمی شامل ہو، تو یہ پہلا فضائی دباؤ ایک خوفناک اور طویل سرمائی سیزن کا محض آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔
بے گھر افراد کے لیے یہ بارشیں صرف موسم کا بدلنا نہیں بلکہ زندگی کے باقی ماندہ سہارے پر بھی ایک سیدھا حملہ ہیں؛ ان کے پاس نہ وہ گھر ہیں جہاں وہ واپس جا سکیں، نہ ایسے خیمے جو انہیں تحفظ دے سکیں، اور نہ ہی ایسے ذرائع کہ وہ سردیوں کی یخ بستہ راتوں کا مقابلہ کر سکیں۔
اسی طرح، لاکھوں فلسطینی خود کو سرما کی اس نئی جنگ کے سامنے پاتے ہیں، جس کا واحد مقصد ایک خشک چھت، بچوں کو ڈھانپنے والا ایک لحاف اور ایسی جگہ کا حصول ہے جو زیرِ آب نہ آئے، ایسے وقت میں جب زندگی کے بنیادی ترین تقاضے بھی ان سے بہت دور ہیں۔