بیروت – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جس کی قیادت بیرون ملک قومی تعلقات کے شعبے کے سربراہ اور سربراہ سیاسی دفتر کے ایلچی علی برکہ کر رہے تھے نے لبنان میں تحریک کے نمائندے احمد عبد الہادی کی موجودگی میں لبنانی دارالحکومت بيروت میں پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین کی قیادت کے ایک وفد سے ملاقات کی۔
پاپولر فرنٹ کے جاری کردہ بیان کے مطابق ان کے وفد میں مروان عبد العال، ہیثم عبدو اور عبد اللہ الدنان شامل تھے۔ فریقین نے تازہ ترین سیاسی صورتحال اور فلسطینی عوام پر جاری قابض اسرائیلی جارحیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں لبنان کے پناہ گزین کیمپوں میں رہنے والے فلسطینی مہاجرین کے معاشی اور سکیورٹی حالات کے ساتھ ساتھ موجودہ حالات میں فلسطینیوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔
ملاقات کے دوران حماس کے وفد نے پاپولر فرنٹ کی طرف سے پیش کی جانے والی اس کوشش کو سراہا جس کا مقصد فلسطینی صورتحال کو بچانا، قومی اتحاد کو فروغ دینا اور شراکت داری کی بنیاد پر سیاسی نظام کی از سر نو تعمیر کرنا ہے۔
فلسطین اور خطے پر ہونے والی جارحیت کی بھرپور مذمت
ایک مشترکہ بیان میں دونوں فریقوں نے غزہ کی پٹی، مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں قابض اسرائیل کے جرائم اور حملوں کی شدید مذمت کی اور ثالثوں، بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جارحیت کو فوری طور پر روکنے اور فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے کے لیے مداخلت کریں۔
دونوں فریقوں نے ایران پر امریکی جارحیت اور شام اور لبنان پر قابض اسرائیل کے پے درپے حملوں کی بھی مذمت کی اور انہیں خودمختاری کی سنگین پامالی اور علاقائی استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا۔
جامع قومی مذاکرات کی دعوت
فریقین نے ڈائسپورا میں مقیم فلسطینی مہاجرین کے اس حق پر زور دیا کہ وہ جمہوری طریقے سے فلسطین کی قومی کونسل میں اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں اور تقرریوں اور اخراج کی پالیسی کو سختی سے مسترد کر دیا۔
ملاقات میں شرکا نے تنازعے سے نمٹنے اور محاصرے کو توڑنے کے لیے ایک متفقہ حکمت عملی پر اتفاق کرنے کے واسطے جامع قومی مذاکرات کے آغاز کی اہمیت پر زور دیا، اس کے علاوہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی یعنی انروا کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور اسے ختم کرنے یا اس کی خدمات کو نقصان پہنچانے کی تمام کوششوں کو یکسر مسترد کر دیا۔
لبنان میں مہاجرین کے لیے ایک متحد مرجع کا قیام
شرکا نے لبنان میں فلسطینی صفوں کو متحد کرنے اور لبنانی ریاست کے ساتھ رابطہ کاری کے لیے ایک مشترکہ مرجع تشکیل دینے کی دعوت دی تاکہ کیمپوں کے سکیورٹی حالات کو محفوظ بنایا جا سکے اور فلسطینی مہاجرین کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔
ملاقات کے اختتام پر اس بات پر زور دیا گیا کہ قومی اتحاد اور شراکت داری ہی فلسطینی کاز کے تحفظ اور موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کا بنیادی دروازہ ہے۔