غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے ترجمان حازم قاسم نے منگل کے روز کہا ہے کہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کے رہنما اور قابض اسرائیلی حکام، حماس کی جانب سے سرکاری ایمرجنسی کمیٹی کے استعفے کے مثبت اقدام پر تنقید کرنے میں ہم آواز ہیں۔
حازم قاسم نے اپنے ایک مختصر بیان میں کہا کہ ”یہ بات بھی حیران کن ہے کہ حماس کے اس اقدام کو بیان کرنے کے لیے فلسطینی اتھارٹی کے ایک اعلیٰ عہدیدار اور اسرائیلی سیاسی ذرائع کی جانب سے ایک ہی طرح کی اصطلاحات کا استعمال کیا گیا ہے“۔
گذشتہ روز قاسم نے اعلان کیا تھا کہ حماس نے اس بات پر عمل درآمد کی جانب ایک نیا مثبت قدم اٹھایا ہے جس کا اس نے ہمیشہ اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کے انتظام کے لیے ’اگلے دن‘ (بعد از جنگ) کی ترتیب میں شامل نہیں ہوگی۔
حماس کے ترجمان نے تصدیق کی کہ غزہ میں سرکاری ورکنگ کمیٹی مستعفی ہو گئی ہے، جبکہ قومی مفاد کے پیش نظر اور قابض اسرائیل کے بہانوں کو ختم کرنے کے لیے صرف خالصتاً تکنیکی اور انتظامی امور کو برقرار رکھا گیا ہے۔
غزہ کی پٹی میں حکومتی اداروں نے سرکاری ایمرجنسی کمیٹی کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ ایک باضابطہ قدم ہے جس کا مقصد فلسطینی دھڑوں کے ساتھ طے پانے والی انتظامی منتقلی کے تحت ’نیشنل کمیٹی برائے انتظام غزہ‘ کو اختیارات سونپنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔
یہ فیصلہ ایمرجنسی کمیٹی کے سربراہ اور قائم مقام سرکاری فالو اپ کے سربراہ محمد عبد الخالق الفرا کے اپنے عہدے سے استعفیٰ کے ساتھ سامنے آیا ہے، جو اختیارات کی منتقلی کے اقدامات کو آگے بڑھانے اور سیاسی و انتظامی تقاضوں کو پورا کرنے کا عزم ہے۔
سرکاری میڈیا آفس نے پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں تصدیق کی کہ فلسطینی دھڑوں، قومی قوتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی موجودگی میں، اور ایک اقوام متحدہ کے نمائندے کی موجودگی میں تمام ضروری انتظامی اور قانونی ترتیبات مکمل کر لی گئی ہیں، تاکہ غزہ کے انتظام کو دوبارہ منظم کرنے کے قومی راستے کو آگے بڑھایا جا سکے۔
قابل ذکر ہے کہ ایمرجنسی کمیٹی کے استعفے کو مزاحمتی دھڑوں اور غزہ کے قبائل کی جانب سے وسیع پیمانے پر سراہا گیا ہے، جسے غزہ کا انتظام سنبھالنے اور جنگ بندی معاہدے کے تقاضوں کو پورا کرنے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا گیا ہے۔